قومی کرکٹ ٹیم کی شکست کی کیا وجہ؟عمران نذیر نے سب بتا دیا

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) قومی ٹیسٹ کرکٹر عمران نذیر کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی ناکامی سے ڈر رہے ہیں اور اتنی محنت نہیں کر پا رہے جتنی ضرورت ہے، کرکٹ دل کا کھیل ہے اور جو جتنے بڑے دل کیساتھ کھیلے گا، وہ اتنی ہی اچھی کارکردگی دکھا سکے گا۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عمران نذیر نے کہا کہ پہلے صرف ایک ہی کوچ ہوا کرتا تھا لیکن اب بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کیلئے الگ الگ کوچز ہیں مگر اس کے باوجود کھلاڑی اگر فائدہ نہیں اٹھا رہے تو انہیں ہی غلط کہا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کھلاڑی ناکامی سے ڈر رہے ہیں مگر انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ کرکٹ دل کا کھیل ہے اور جتنا بڑا دل ہو گا اتنی ہی اچھی کارکردگی ہو گی۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ پرفارم نہ کرنے کی صورت میں کھلاڑی کو ٹیم سے ڈراپ ہونے کا خطرہ رہتا ہے لیکن اگر کھلاڑی محنت کریں گے تو یہ ڈر بھی نہیں رہے گا۔یاد رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ 11 سے 15 جنوری تک جوہانسبرگ کھیلا جائے گا، اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا پہلا میچ 19 جنوری، دوسرا میچ 22 جنوری، تیسرا میچ 25 جنوری، چوتھا میچ 27 جنوری جبکہ پانچواں اور آخری میچ 30 جنوری کو کھیلا جائے گا، پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی میچ یکم فروری، دوسرا میچ 3 فروری جب کہ تیسرا اور آخری میچ 6 فروری کو کھیلا جائے گا۔

error: Content is protected !!