لندن (سپورٹس لنک رپورٹ)کرکٹ کے میگا ایونٹ آئی سی سی ورلڈکپ 2019ء میں پاک بھارت میچ کے تمام ٹکٹس گھنٹوں میں ہی فروخت ہوگئے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے شیڈول میگا ایونٹ کے لئے روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان اولڈ ٹریفورڈ میں 16 جون کو شیڈول میچ کھیلا جائے گا، جس کے تمام ٹکٹس صرف 48گھنٹوں میں ہی فروخت ہوگئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کرکٹ شائقین روایتی حریف پاک بھارت کے میچ کو فائنل سے بھی زیادہ اہمیت دے رہے ہیں۔ یہ میچ دیکھنے کے خواہشمندوں کی تعداد 4لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ اسٹیڈیم میں صرف 26 ہزار لوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔واضح رہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ , 2019 30مئی سے 14جون تک انگلینڈ اور ویلز میں کھیلا جائے گا ۔10ملکی ایونٹ میں انگلینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، پاکستان، بھارت ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ، افغانستان، بنگلہ دیش اور سری لنکا کی ٹیمیں شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ کے مختلف میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گےجبکہ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر48 میچ کھیلے جائیں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ان میچز میں زیادہ توجہ کا مرکز ہمیشہ کی طرح پاکستان اور بھارت کا 16 جون کو کھیلا جانے والا مقابلہ بنے گا۔ ٹکٹوں کی فروخت شروع ہوئی تو روایتی حریفوں میں مقابلے کے تمام ٹکٹ چند گھنٹوں میں ہی فروخت ہوگئے۔واضح رہے کہ میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقہ ٹورنامنٹ کا پہلے میچ اوول کے میدان پر 30 مئی کو کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان کا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف ہے جو 31 مئی کو ٹرینٹ برج پر کھیلا جائے گا۔پاکستان کا اس کے بعد 3 جون کو انگلینڈ، 7 جون کو برسٹل اور 12 جون کو آسٹریلیا سے میچ ہوگا۔پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا 16 جون کو ہوگا، اس کے بعد جنوبی افریقہ کے خلاف 23 جون، نیوزی لینڈ کے خلاف 26 جون اور افغانستان کے خلاف 29 جون کو پاکستانی ٹیم مدمقابل ہوگی۔پاکستان اپنا آخری لیگ میچ 5 جولائی کو لارڈز کے تاریخی میدان میں کھیلے گا۔