پہلا ون ڈے میچ،انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دیدی،محمد عامر ٹیم کا حصہ

لندن (سپورٹس لنک رپورٹ)انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دے دی۔لندن میں بارش کے باعث میچ مقررہ وقت پر شروع نہ ہوسکا جس کے بعد میچ کو 47،47 اوورز تک محدود کردیا گیا ہے۔سیریز کے پہلے میچ کے لیے پاکستان نے تجربہ کار باؤلر محمد عامر کو بھی ٹیم میں شامل کرلیا ہے۔قبل ازیں انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیزیز سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ہماری تیاری بہت اچھی ہے اور کوشش کریں گے کہ ہم انگلینڈ کے خلاف 5 میچوں میں اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔انہوں نے کہا کہ میزبان ملک کے خلاف سیریز کھیل کر ورلڈ کپ سے قبل اعتماد حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ٹیم کی خامیوں پر بات کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ جب دو بہترین ٹیمیں کھیل رہی ہوتی ہیں تو باؤلنگ اور بیٹنگ تو اچھی ہوتی ہے، تاہم ایسے میں اچھی فیلڈنگ دونوں ٹیموں کے درمیان واضح فرق ثابت ہوتی ہے۔انہوں نے اعتراف کیا کہ ٹی ٹوئنٹی میچ میں ٹیم کی فیلڈنگ خراب رہی تھی۔سرفراز احمد نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم گزشتہ ڈیڑھ سال سے بہترین کرکٹ کھیل رہی ہے اور کوشش کریں گے کہ ان کے خلاف اچھی کرکٹ کھیلی جائے۔قومی ٹیم کے کپتان نے بتایا کہ لیجنڈ آل رآؤنڈر شعیب ملک سیریز کے دوسرے میچ میں ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔خیال رہے کہ 5 مئی کھیلے گئے سیریز کے واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے باآسانی شکست دے دی تھی۔ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کی نمبر ایک ٹیم کے ون ڈے فارمیٹ پر نظر ڈالی جائے تو مایوس کن اعداد و شمار سامنے آئیں گے۔گرین شرٹس کو حال ہی میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں آسٹریلیا کے ہاتھوں 0-5 سے وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا تھا، جبکہ اس سے قبل جنوبی افریقہ کے خلاف 5 میچوں کی سیزیز میں اسے 2-3 سے شکست ہوئی تھی۔اس سے قبل متحدہ عرب امارات میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے خلاف ہونے والی تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی تھی۔

تعارف: newseditor