سکندر رضا، عابد علی اور سلمان علی آغا ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کا حصہ بن گئے

لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ)غیرملکی کرکٹر سکندر رضا سمیت قومی کرکٹر عابد علی اور نوجوان آلراؤنڈر سلمان علی آغا ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کا حصہ بن گئے ہیں۔ تینوں کھلاڑی بطور متبادل کرکٹرز لیگ کا حصہ بنے ہیں۔

زمباوے کے آلراؤنڈر سکندر رضا(سلور کٹیگری) پشاور زلمی کے اسکواڈ میں شامل ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب دائیں ہاتھ کے بلے باز عابد علی اور سلمان علی آغالیگ کے ناک آؤٹ مرحلے کے لیے لاہور قلندرز کے اسکواڈ میں شامل ہوگئے ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں کا انتخاب سلور کٹیگری میں کیا گیا ہے۔

متبادل کی حیثیت سے تینوں کھلاڑیوں کے ناموں کی منظوری ایونٹ کی ٹیکنیکل کمیٹی نے دی۔ کمیٹی میں پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان، بازید خان،مرینہ اقبال، سمیر کھوسہ اور ڈاکٹر سہیل سلیم شامل ہیں۔

33 سالہ سکندر رضا،پشاور زلمی کے اسکواڈ میں شامل ڈیرن سیمی کے بعد دوسرے غیرملکی کرکٹر ہوں گے۔پشاور زلمی کی ٹیم ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں 17 مارچ کو ملتان سلطانز کے مدمقابل آئے گی۔اس سے قبل آلراؤنڈر حماد اعظم نے پشاور زلمی کو جوائن کیا تھا۔

لاہور قلندرزاور کراچی کنگز کے درمیان ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل منگل کو شام 7 بجے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

پی سی بی کی جانب سے کھلاڑیوں کو دستبرداری کی آپشن دئیے جانے کے بعد لیام لیونگ اسٹون، ٹام بنٹن، لوئس گریگری، لیام ڈاسن اور کارلوس بریتھ ویٹ وطن واپس روانہ ہوگئے تھے۔ گذشتہ شب کرس لِین، ڈیوڈ ویزےاور سیکوگے پرسنا نے بھی وطن واپس جانے کا فیصلہ کیا تھا۔

شیڈول:

17 مارچ:

پہلا سیمی فائنل :ملتان سلطانز بمقابلہ پشاور زلمی، بوقت دوپہر 2 بجے بمقام قذافی اسٹیڈیم لاہور
دوسرا سیمی فائنل :کراچی کنگز بمقابلہ لاہور قلندرز،بوقت شام 7 بجے بمقام قذافی اسٹیڈیم لاہور

18 مارچ: فائنل بوقت شام 7 بجے بمقام قذافی اسٹیڈیم لاہور

error: Content is protected !!