لندن (سپورٹس لنک رپورٹ)انگلینڈ کے سابق فٹبالر ڈیوڈ بیکہم پر گاڑی چلاتے ہوئے موبائل فون استعمال کرنے پر 6 ماہ کی ڈرائیونگ کی پابندی عائد کردی گئی۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق 44 سالہ سابق کھلاڑی نے 21 نومبر کو لندن میں عوام کی جانب سے نشاندہی کرنے پر اپنی غلطی کا اعتراف کیا۔جنوبی لندن کے بروم لے مجسٹریٹ کورٹ نے فٹبالر کے لائسنس پر 6 ماہ کی پینالٹی پوائنٹس عائد کیے اور 750 پاؤنڈ جرمانہ عائد کرتے ہوئے 100 پاؤنڈ استغاثہ کی فیس اور 75 پاؤنڈ سرچارج فیس ادا کرنے کا حکم دیا۔ضلعی جج کیتھرین مور کا کہنا تھا کہ ڈیوڈ بیکہم کے لائسنس میں اس سے قبل تیز رفتاری کے باعث 6 پوائنٹس لگے ہوئے تھے جس کے بعد اب لگنے والے پوائنٹس کے بعد وہ 12 پوائنٹ کی حد پار کرچکے ہیں جس سے انہیں پابندی کا سامنا کرنا پڑا۔عدالت میں انہوں نے اپنا پورا نام، تاریخ پیدائش اور پتہ بتایا۔استغاثہ کے وکیل میتھیو اسپریٹ کا کہنا تھا کہ ڈیوڈ بیکہم کی عوام میں سے ایک شخص نے ٹریفک میں گاڑی چلاتے ہوئے موبائل فون پر بات کرتے ہوئے تصویر کھینچی تھی۔دفاعی وکیل جرارڈ ٹائیرل کا کہنا تھا کہ ڈیوڈ بیکہم گاڑی آہستہ چلارہے تھے اور اس واقعے کے بارے میں انہیں کچھ خاص یاد نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ’جو ہوا اس کو وجہ سے چھپایا نہیں جاسکتا لیکن ان کی نظر میں انہیں کچھ یاد نہیں، انہوں نے اعتراف جرم کرنا تھا اور انہوں نے وہی کیا‘۔