لاہور(نواز گوہر)پاکستان کے ورلڈ کپ اسکواڈ میں دو تبدیلیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے، ٹیم مینجمنٹ نے سلیکشن کمیٹی کیساتھ مشاورت مکمل کرلی ہے، عابد علی کی جگہ آصف علی اور فہیم اشرف کی جگہ محمد عامر کو اسکواڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر، کپتان سرفراز احمد اور چیف سلیکڑ انضمام الحق کی ورلڈ کپ اسکواڈ کے لیے مشاورت مکمل ہوگئی ہے۔سلیکٹرز نے فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے 27 سال کے جارح مزاج بلے باز آصف علی اور تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عامر پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔محمد عامر ان دنوں چیچک کے باعث قومی ٹیم سے علیحدہ رہ کر لندن میں زیر علاج ہیں، انہیں انگلینڈ کے خلاف پاکستانی بولرز کی ناقص پرفارمنس کے باعث چیف سلیکڑ کی جانب سے گرین سگنل ملا ہے۔واضح رہے کہ 23مئی تک پی سی بی ورلڈ کپ کے نامزد کیے گئے 15 کھلاڑیوں میں تبدیلی کا حق رکھتا ہے۔