لندن(سپورٹس لنک رپورٹ) انگلش کپتان اور سٹار بلے باز ایوان مورگن کی فٹنس مسائل کے باعث رواں ماہ شیڈول آئی سی سی ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں جنوبی افریقہ کے خلاف افتتاحی میچ میں شرکت مشکوک ہو گئی، وہ فیلڈنگ پریکٹس کے دوران ہاتھ کی انگلی کی انجری کا شکار ہوئے ہیں۔ ورلڈ کپ کا آغاز 30 مئی سے ہو گا اور میزبان انگلش ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف افتتاحی میچ سے مہم کا آغاز کرے گی۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق مورگن آسٹریلیا کے خلاف وارم اپ میچ کی تیاری کے سلسلے میں فیلڈنگ پریکٹس کے دوران ہاتھ کی انگلی کی انجری کا شکار ہوئے ہیں، انہیں ایکسرے کیلئے ہسپتال بھیجا گیا تھا اور رپورٹ آنے کے بعد ہی انجری کی نوعیت کے بارے معلوم ہو سکے گا لیکن ہمیں پوری امید ہے کہ وہ میگا ایونٹ کے افتتاحی میچ سے قبل سو فیصد فٹ ہو جائیں گے۔ انجری کے باعث مورگن آسٹریلیا کے خلاف وارم اپ میچ بھی نہیں کھیل سکے تھے۔