نیوزی لینڈکے کپتان کین ولیمسن کی پہلے بچے کی پیدائش، پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شرکت مشکوک


کرائسٹ چرچ (سپورٹس لنک رپورٹ)نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کی پہلے بچے کی پیدائش کے باعث ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ اور پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شرکت مشکوک ہوگئی،ان کی پارٹنر سارہ رحیم رواں مہینے میں کسی بھی وقت جوڑے کے پہلے بچے کو جنم دیں گی ۔ 30 سالہ ولیمسن نے بھی گذشتہ جمعہ کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اس کی تصدیق کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس بارے میں فیصلہ کریں گے کہ آیا اپنے پہلے بچے کی پیدائش کے وقت میچ سے محروم رہنا چاہیں گے یا نہیں۔ دریں اثناء کیوی کوچ گیری سٹیڈ نے کہا ہے کہ اگر ولیمسن پہلے بچے کی پیدائش کے باعث چھٹی لینا چاہتے ہیں تو کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہے ، بطور والد آپ کی زندگی میں ایک ہی بار یہ موقع آتا ہے کہ پہلے بچے کی پیدائش کے وقت آپ اپنی پارٹنر کے پاس موجود ہوں اور ہم جانتے ہیں کہ کین ولیمسن کے لیے یہ کتنا اہم موقع ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بہرحال کرکٹ ایک کھیل ہے اور زندگی میں بعض چیزیں اس سے زیادہ اہم ہیں ۔ واضح رہے کہ دوسرا ویسٹ انڈیز ٹیسٹ ویلنگٹن کے بیسن ریزرو میں 11 دسمبر جمعہ کو شروع ہوگا جب کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین 3 میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز 18 دسمبر سے شروع ہوگی اور اس کے بعد دو ٹیسٹ میچز کی سیریز 26 دسمبر سے شروع ہوں گے۔

error: Content is protected !!