لندن (عبدالرحمان رضا)بین اسٹوکس کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت ورلڈ کپ 2019ء کے افتتاحی میچ میں انگلینڈ نے جنوبی افریقا کو جیت کے لئے 312 رنز کا ہدف دیا ہے۔جنوبی افریقا کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی، پروٹیز کا یہ فیصلہ ابتداء میں درست ثابت ہوا اور اوپنر جونی بیرسٹو بغیر کوئی رن بنائے جیسن روئے کا ساتھ چھوڑ گئے۔جو روٹ نے جیسن روئے کے ساتھ مل کر اننگز کو آگے بڑھایا اور 19 ویں اوور میں اسکور 107 رنز تک پہنچادیا، جیسن روئے 54 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔جنوبی افریقا کو تیسری وکٹ کے لئے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور اسکور میں 4 رنز کے اضافے پر جو روٹ 51 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔
کپتان ایون مورگن نے بین اسٹوکس کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ کی شراکت میں شاندار 106 رنز جوڑے، مورگن 57 رنز بناکر عمران طاہر کو وکٹ دے بیٹھے۔جوز بٹلر اور معین علی بالترتیب 18 اور 3 بناکر آؤٹ ہوئے۔بین اسٹوک تیزی سے رنز بنانے کی کوشش میں این گیدی کی گیند پر ہاشم آملہ کو کیچ دے بیھٹے، وہ 9 چوکوں کی مدد سے 89 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔یوں انگلینڈ نے مقررہ پچاس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز بنائے۔جنوبی افریقا کی جانب سے لونگی این گیدی نے 3، عمران طاہر اور ربادا نے 2، 2 جبکہ فہلوکوایو نے ایک وکٹ حاصل کی۔