برسٹل(سپورٹس لنک رپورٹ) انگلینڈ میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان آج کھیلا جانے والا میچ بارش کے باعث منسوخ ہو گیا۔دونوں ٹیموں کے درمیان اہم میچ برسٹل کے کاؤنٹی گراؤنڈ میں پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہونا تھا تاہم پچ کو اب تک کور سے ڈھانپ رکھا ہے اور میچ کا ٹاس بھی نہیں ہو سکا ہے۔
برسٹل کاؤنٹی گراؤنڈ میں صبح سے موسلا دھار بارش جاری تھی تاہم اب بارش تھم جانے کے بعد گراؤنڈز کے کچھ حصے سے کوررز ہٹا دیئے گئے ہیں اور تین سپر سوپرز کی مدد سے گراؤنڈ کو خشک کیا جا رہا ہے۔پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں گراؤنڈز پہنچ چکی ہیں اور پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 6 بجے انتظٓمیہ کی جانب سے گراؤنڈ کا جائزہ لینے کے بعد میچ شروع ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لیے کم از کم 20 اوورز کا کھیل ہونا ضروری ہے تاہم بارش کی وجہ سے میچ نہ ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملے گا۔برسٹل میں ورلڈ کپ کے منتظمین نے اعلان کیا ہے کہ اگر مقامی وقت کے مطابق سوا چار بجے اور پاکستانی وقت کے مطابق 8 بجکر 15 منٹ تک میچ شروع نہ ہوسکا تو میچ ختم کردیا جائے گا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملے گا۔تاہم مقامی وقت کے مطابق شام 3 بجے اور پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے گراؤنڈ کھیل کے قابل ہونا ضروری ہے، اس صورت میں 20، 20 اوورز کا کھیل ہوگا۔
پاکستانی تماشائی دنیا کے مختلف شہروں سے ورلڈ کپ کا یہ میچ دیکھنے کے لیے برسٹل میں موجود ہیں اور بارش کی وجہ سے انہیں سخت مایوسی کا سامنا ہے۔پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کا یہ تیسرا میچ ہے اور دونوں نے ایک ایک میچ جیتا ہے اور ایک ایک میں اُنہیں شکست ہوئی ہے۔منتظمین انگلینڈ کے وقت کے مطابق میچ کے بارے میں فیصلے کے لیے تین بجے تک انتظار کریں گے، اگر اس وقت تک صورتحال بہتر ہوئی تو میچ مقامی وقت کے مطابق سوا چار بجے شروع ہو سکے گا جو 20، 20 اوورز پر مشتمل ہوگا۔پوائنٹس اسکورنگ ٹیبل پر سری لنکا اور پاکستان کی ٹیمیں 2،2 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب ساتویں اور آٹھویں پوزیشن پر ہیں تاہم سری لنکا کو پاکستان پر بہتر اوسط کی بدولت برتری حاصل ہے۔