سپورٹس بورڈ پنجاب میں یوم یکجہتی کشمیر بھرپورطریقے سے منایا گیا،نیشنل ہاکی سٹیڈیم سے ریلی نکالی گئی

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر سپورٹس بورڈ پنجاب میں یوم یکجہتی کشمیر بھرپورطریقے سے منایا گیا، جمعہ کے روز ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ کی قیادت میں سپورٹس بورڈ پنجاب کے سینکڑوں ملازمین نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں جمع ہوئے اور نیشنل ہاکی سٹیڈیم سے ریلی نکالی گئی،اس موقع پرڈائریکٹرایڈمن جاوید چوہان ، ڈائریکٹرسپورٹس شاہد نظامی اور ڈویژنل سپورٹس آفیسر ندیم قیصرو دیگر بھی موجود تھے، اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا کہ جموں و کشمیر پاکستان کا حصہ ہے، بھارت نے غاصبانہ قبضہ کررکھا ہے، کشمیری عوام 7دہائیوں سے آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں

انہوں نے قربانیوں کی لازوال داستان رقم کی ہے، پوری پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کی جدوجہدآزادی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، وزیراعظم عمران خان کے آواز پر پوری قوم 12بجے سڑکوں پر آگئی ہے، انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو بھارت کی جانب سے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کا نوٹس لینا چاہئے ، کشمیری عوام کو ان کا حق دلانے کے لئے ان کی حمایت کرنا ہوگی۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم سے روانہ ہونے والی ریلی کے شرکاء نے فیصل چوک میں مرکزی ریلی میں بھی شرکت کی، ملازمین نے پاکستان اور آزادکشمیر کے پرچم اٹھا رکھے تھے، ریلی میں خواتین بھی شریک تھیں، شرکاء جوش و جذبہ سے ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘، ’’کشمیر کو آزادی دو‘‘’’گو انڈیا گو‘‘’’مودی مردہ باد‘‘ کے نعرے لگاتے رہے، لائوڈ سپیکر پر پاکستان اور آزاد کشمیر کے ملی نغمے بجائے گئے۔

error: Content is protected !!