بلال فرینڈز حسین عباس کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلنے کی حقدار بن گئی

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) بلال فرینڈز سی سی نے کامران اسپورٹس کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 9وکٹوں سے شکست دے کر حسین عباس انوی ٹشن کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں اپنی نشست کو محفوظ بنالیا۔ فاتح ٹیم نے 95رنز کا ہدف باآسانی وطن دوست کی وکٹ کھوکر حاصل کرلیا۔اسامہ بٹ اور وطن دوست نے پہلی وکٹ پر77رنز بنا کر فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔کے سی سی اے زون Vکے زیر اہتمام لانڈھی جیم خانہ گراؤنڈ کی سرسبز فیلڈ پر کامران اسپورٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20.2اوورز میں تمام وکٹوں پر 94رنز پر اپنی اننگز کا اختتام کیا۔ شیراز خلیل 23اورعبدالمتین 18رنز کے ساتھ اپنی ٹیم کے نمایاں بلے باز رہے۔ اظہر علی نے 10رنز اسکور کئے۔ دیگر کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا۔ اسامہ بٹ نے 25رنز پر 4کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا۔طاہر زمان نے 17اورعلی بٹ نے 23رنز کے عوض 2,2کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔جوابی بیٹنگ میں اسامہ بٹ اور وطن دوست کے مابین پہلی وکٹ پر 77رنز کی رفاقت نے اپنی ٹیم کی فتح کو یقینی بنادیا۔ وطن دوست 32رنز بنا کر پویلین سدھار گئے جبکہ اسامہ بٹ نے 37اور عبداﷲزرین 16رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ اظہر علی کو حریف ٹیم کی واحد وکٹ 43رنز کے عوض ملی۔ایمپائرز اختر قریشی اور سیف الرحمن مگسی تھے۔

error: Content is protected !!