پی ایف ایف کی مجلس عاملہ اور کانگریس کا نارملائزیشن کمیٹی کو چارج دینے کا متفقہ فیصلہ

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) ایگزیکٹو کمیٹی کے بعد کانگریس کا اجلاس آج فٹ بال ہاؤس لاہور میں منعقد ہوا۔ ایک طویل غور و خوض کے بعد ایگزیکٹو کمیٹی اور کانگریس ممبروں نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ پاکستان میں فٹ بال کی بہتر ترقی کے لئے ہمیں پی ایف ایف اور تمام اکاؤنٹس نارملائزیشن کمیٹی کے سپرد کرنا چاہئے۔پی ایف ایف کے صدر اشفاق شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں فٹ بال کے بحران کے خاتمے کے لئے فیفا نے غیر معمولی کردار ادا کیا ہے۔ پچھلے چند سالوں میں فٹ بال برادری کو بہت نقصان اٹھانا پڑا ہے اب وہ وقت آگیا ہے جب ہر شخص اپنی ذاتی مفاد کو الگ رکھے، ہم نارملائزیشن کمیٹی کو اپنا کام کرنے دیں۔ اشفاق شاہ نے ایگزیکٹو کمیٹی اور کانگریس کے تمام ممبران کی بھر پور حمایت اور رہنمائی کرنے پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا کہ آج ہم تمام اعزاز کے ساتھ رخصت ہو رہے ہیں ۔

ہم نے ایک پیسہ بھی ناجائز خرچ نہیں کیا۔ صدر پی ایف ایف نے اپنے اسٹاف کی دیابتداری، محنت اور وابستگی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مشکل دنوں میں خلوص اوردلجمعی کے ساتھ کام کیا۔وائس پریذیڈنٹ پی ایف ایف ملک محمد عامر ڈوگر اور سید ظاہر شاہ نے فیفا کی طرف سے نامزد کردہ نارملائزیشن کمیٹی کا ایک بار پھر خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ کمیٹی تمام فٹ بالرز اور عہدیداروں کے ساتھ انصاف کرکے گذشتہ سالوں میں ہونے والے نقصانات کا ازالہ کرے گی اوردنیا کے عظیم کھیل کوترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں اپنا تعمیری اور مثبت کردارادا کرے گی۔پی ایف ایف کے نائب صدر سردار نوید حیدر خان نے کہا کہ ہمیں نارملائزیشن کمیٹی سے بہت زیادہ امیدیں وابستہ ہیں اور مجھے یقین ہے کہ فیفا پاکستان کی فٹ بال کے ساتھ کسی کو بھی ناانصافی نہیںکرنے دے گا۔ فیفا کے پاس اب ان افسران کے بارے میں کافی مواد موجود ہے جو پاکستان میں فٹ بال کو نقصان پہنچا رہے تھے اور جلد یا بدیر انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں گے۔ایگزیکٹو کمیٹی کے تمام ممبران، کانگریس اور عملہ نے پی ایف ایف میں ان دعاؤں کے ساتھ اپنا اختتام کیا کہ ہم فٹ بال کی خوشحالی اور ترقی کیلئے آنے والے دنوںںایک بار پھر جمع ہوں گے۔

error: Content is protected !!