سری لنکا کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز،پاکستانی سکواڈ کا اعلان،عمر اکمل اوراحمد شہزاد کی واپسی

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) سری لنکا کے خلاف 16 رکنی قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے جس میں عمر اکمل اور احمد شہزاد کی واپسی ہوئی ہے۔قومی ٹیم ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے 16 رکنی قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کیا۔سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز کھیلنے والی قومی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔سرفراز احمد کو کپتان اور بابراعظم کو نائب کپتان برقرار رکھا گیا ہے جب کہ ون ڈے ٹیم میں شامل عابد علی، امام الحق اور محمد رضوان کی جگہ احمد شہزاد، عمر اکمل اور فہیم اشرف کو ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔دیگر کھلاڑیوں میں آصف علی، فخر زمان، محمد حسنین، حارث سہیل، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد نواز اور محمد عامر شامل ہیں۔ شاداب خان، عثمان شنواری اور وہاب ریاض بھی 16 رکنی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔سری لنکا کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں انجری کے باعث امام الحق کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شامل نہیں کیا گیا، بائیں ہاتھ کے اوپنر انجری کے باعث تیسرے ایک روزہ میچ میں بھی شرکت نہیں کر رہے۔

تعارف: newseditor