لاہور میں پاکستان سری لنکا ٹی ٹوئنٹی سیریز،وزیر اعلیٰ پنجاب نے فول پروف سکیورٹی حکم دیدیا

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور میں پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے مابین ٹی 20 میچوں کے لیے فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ متعلقہ ادارے اور محکمے بہترین کوآرڈینیشن کا مظاہر ہ کرتے ہوئے فرائض سرانجام دیں۔ فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کے ساتھ دیگر انتظامات بھی اعلیٰ معیار کے ہونے چاہئیں۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت بدھ کو وزیراعلیٰ آفس میں اعلی سطح کا اجلاس ہوا، جس میں سری لنکا اور پاکستان کے درمیان لاہور میں ٹی 20 سیریز کے میچوں کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ کو میچوں کے انتظامات اور سیکیورٹی پلان کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ 13416پولیس و سیکیورٹی افسروں و جوانوں کو میچز کے دوران سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کیاجائے گا جبکہ شائقین کرکٹ کیلئے 9 پارکنگ ایریاز بنائے گئے ہیں۔ شائقین کرکٹ کو پارکنگ ایریا سے اسٹیڈیم تک لے جانے کیلئے شٹل بس سروس چلائی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شٹل بس سروس کے ذریعے شائقین کو پارکنگ سے اسٹیڈیم تک آنے اورجانے کی سہولت دیں گے اوردونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو باکس سیکیورٹی دی جائے گی۔ میچز کے پرامن انعقاد کے لئے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔وزیراعلیٰ نے شائقین کرکٹ کےلیے اسٹیڈیم کے اندر اور باہر انتظامات کو خوب سے خوب تر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔انہوں نے کہا کہ میچز کا پرامن ماحول میں انعقاد پاکستان کی عزت کا معاملہ ہے، اس پر حرف نہیں آنے دیں گے۔ دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے چوکس رہ کر فرائض سرانجام دینا ہوں گے۔
وزیراعلیٰ نے میچز کے دوران مؤثر ٹریفک پلان پر عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ میچز کے باعث شہریوں کو آمد و رفت میں مشکل نہیں ہونی چاہیے۔ ٹریفک صرف ٹیموں کی آمد و رفت کے وقت ہی بند کی جائے تاکہ شہریوں کوزیادہ دشواری کاسامنا نہ کرنا پڑے۔ ٹریفک کے متبادل انتظامات سے عوام کو باقاعدہ آگاہ کیا جائے۔صوبائی وزراء راجہ بشارت، محمد ہاشم ڈوگر، محمد تیمور خان بھٹی، عنصر مجید خان نیازی، چیف سیکریٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، عسکری و سول حکام اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

تعارف: newseditor