اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ)انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے تعاون ، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی زیرنگرانی اور پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے زیراہتمام تائیکوانڈو اولمپک سالیڈیریٹی ٹیکنیکل کوچنگ کورس اسلام آباد میں شروع ہوگیا
اولمپک سالیڈیریٹی ٹیکنیکل کوچنگ کورس ورلڈ تائیکوانڈو فیڈریشن کے انٹرنیشنل ایرانی کوچ ماسٹر حافظ ماحدوی کروا رہے ہیں ۔
افتتاحی تقریب پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے صدر کرنل(ر) وسیم جنجوعہ، فنانس سیکریٹری جلال حیدر خان، سیکرٹری جنرل مرتضی حسن، میڈم صبا شمیم صدر ویمن ونگ سمیت ملک بھر سے آئے ہوئے کوچز نے شرکت کی۔
کرنل وسیم نے کہاکہ کورس میں تمام قومی اداروں اور صوبوں سمیت تائیکوانڈو فیڈریشن کے 15 یونٹس کے 195 کوچز حصہ لے رہے ہیں۔
صدر پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے مطابق تائیکوانڈو اولمپک سالیڈیریٹی ٹیکنیکل کوچنگ کورس 7 سے 13 اکتوبر تک جاری رہے گا۔
انہوں نے کہاکہ اولمپک سالیڈیریٹی ٹیکنیکل کوچنگ کورس پاکستان میں تائیکوانڈو کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔کرنل وسیم نے کہاکہ ایرانی انٹرنیشنل کوچ ماسٹر حافظ ماحدوی کی زیرنگرانی ہمارے کوچز کو جدید تیکنیک سیکھنے کا موقع ملے گا۔
صدر نے کہاکہ کورس کیلئے ہال کی فراہمی اور تعاون پر وفاقی وزیر آئی پی سی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ عارف ابراہیم کے مشکور ہیں۔