لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پہلوان محمد انعام بٹ ورلڈ بیچ گیمز 2019 میں حصہ لینے والے پہلے پاکستانی ہیں۔پاکستان کے شہر گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے پہلوان محمد انعام بٹ رواں ماہ قطر میں ہونے والے ورلڈ بیچ گیمز 2019 میں حصہ لیں گے، محمد انعام پہلے پاکستانی پہلوان ہیں جو ورلڈ بیچ گیمز میں کوالیفائی ہوئے ہیں اور وہ 11 اکتوبر کو لاہور سے قطر روانہ ہوں گے۔محمد انعام بٹ کا کہنا ہے کہ لاہور میں تربیتی کیمپ لگا تھا جہاں اُنہوں نے خوب محنت کی اور اُن کو اُمید ہے کہ وہ سونے کا تمغہ جیت کر آئیں گے۔
اُنہوں نے بتایا کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کی جانب سے اُنہیں ایک کِٹ مہیا کی گئی ہے، اِس کے علاوہ اِس میگا ایونٹ کے منعقدہ مقابلوں کے تمام اخراجات بھی اُٹھائیں گے۔محمد انعام بٹ نے 2020 ٹوکیو اولمپک کوالیفائی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ اُن کی تربیت روس میں ہو ،اگر پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) اُ ن کو، پہلوان محمد بلال اور کوچ سہیل راشد کو اولمپک کو الیفائرز کی تربیت کے لیے روس بھیج دیں تو پہلوانوں کے میگا ایونٹ میں کوالیفائی کرنے کے امکانات زیادہ ہوں گے۔واضح رہے کہ ورلڈ بیچ گیمز کا آغازرواں ماہ 12 اکتوبر کو ہوگا اوریہ گیمز 16 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔