پشاور(غنی الرحمن/سپورٹس رپورٹر)اسسٹنٹ ڈائیریکٹر سپورٹس ذاکراللہ نے کہاہے کہ صوبائی حکومت صوبے میں کھیلوں کے فروغ کیلئے بہتر اقدامات اٹھارہی ہے ،
اور انہی کوششوں کے باعث خیبر پختونخوامیں کھیلوں کو فروغ ملاہے بلکہ اس دھرتی کے کھلاڑیوں نے قومی اور بین الاقوامی سطح پرخطے اور ملک کا نام بھی روشن کیاہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز قیوم سٹیڈیم میں نیشنل گیمزکیلئے منعقدہ خیبر پختونخواکبڈی کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ کے دورے موقع کھلاڑیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر صوبائی کبڈی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری سلطان سید علی شاہ بھی موجود تھے،انہوںنے کہاکہ پشاور میں منعقدہ نیشنل گیمز کیلئے خیبر پختونخواسپورٹس ڈائریکٹریٹ نے بھر پور تیاریاں کررکھی ہے
اس حوالے سے قیوم سپورٹس کمپلیکس،حیات آباد سپورٹس کمپلیکس،چارسدہ سپورٹس کمپلیکس اور ایبٹ آبادسمیت دیگر مقامات پر منعقدہ کھیلوں کے مقابلوں کیلئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں،جہاں پر کھلاڑیوں اور انکی آفیشلزکو کوئی مسلہ درپیش نہیں ہوگا۔ذاکر خان نے کہاکہ سپورٹس ڈائریکٹریٹ کرکٹ،والی بال،فٹ بال،ہاکی،بیڈمنٹن،ٹیبل ٹینس،بیس بال،آرچری اور دیگر کھیلوں کیساتھ ساتھ کبڈی جیسے مقبول روایتی کھیلوں کوفروغ دینے کیلئے بھی ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے
یہی وجہ ہے کہ صوبائی کبڈی ایسوسی ایشن کے بینرتلے بنوں،چارسدہ،پشاور،صوابی،مردان اور خیبر پختونخواکے مختلف اضلاع میں کبڈی کے لا تعدادمقابلے منعقد ہورہے ہیں جس سے کئی باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئے ہیں جنہوںنے
آل پاکستان انٹر ڈویژنل کبڈی مقابلوں میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے چمپئن ٹرافی اپنے نام کرلی ہے اور امید ہے کہ مستقبل میںبھی اسی طرح کارکردگی کا مظاہرہ کرینگے۔