پریمئر سپر لیگ رائونڈ میچز،الائیڈ بینک، نیٹسول، نووا میڈ، کنٹرولر جنرل اکائونٹس ، یونائیٹڈ بزنس سولیوشن اور جاز کی ٹیمیں فاتح

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)کارپوریٹ سیکٹر کی ٹیموں کے درمیان جاری پریمئر سپر لیگ کے تیسر ایڈیشن کے رائونڈ میچز میں الائیڈ بینک، نیٹسول، نووا میڈ، کنٹرولر جنرل اکائونٹس پاکستان، یونائیٹڈ بزنس سولیوشن اور جاز کی ٹیموںنے اپنے میچز جیت لئے ۔ماڈل ٹائون گرینز کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں الائیڈ بینک نے ایگزونوبل کو 7وکٹوں سے شکست دی۔ ایگزونوبل نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 88 رنز بنائے، عمران بخاری 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔ الائیڈ بینک کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ سہیل رضا نے 32 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی ۔ آل رائونڈ کارکردگی پر سہیل رضا کو مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اسی مقام پر کھیلے گئے دوسرے میچ میں یوسی ایس نے ایبکس کو 10وکٹوں سے پچھاڑ دیا ۔

ایبکس کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 67 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔حماد عزیز نے مخالف ٹیم کے 5کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا ۔ یو سی ایس کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔ یو سی ایس کے نیک محمد نے 50 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔بہترین بالنگ پر حماد عزیز میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔ اتفاق کرکٹ گرائونڈ ارفع کریم میں کھیلے گئے پہلے میچ میں نیٹسول نے ڈیجیٹل پلاننگ سروسز کو 50 رنز سے شکست دیدی۔ نیٹسول کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنائے۔ فراز حسن نے 41 رنز کی اننگ کھیلی ۔ مطلوبہ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ڈیجیٹل پلاننگ سروسز کی ٹیم 138 رنز پرہمت ہار گئی ۔ محمد صدیق نے 57 رنز بنائے ۔نیٹسول کے سیف رسول نے مخالف ٹیم کے 7کھلاڑیوں کو شکار کیا اورمین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا۔

اسی میدان میں کھیلا گیا دوسرا میچ مقرر ہ اوورز میں نتیجہ خیز نہ ہوا تاہم سپر اوور میں جاز نے آئی سی آئی کو شکست دی۔ آئی سی سی آئی کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 165رنز بنائے۔محمد یوسف نے 53 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔فواد سیف اور اعجاز رفیق نے 2،2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ مطلوبہ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے جاز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 165 رنز بنا سکی۔ اعجاز بلوچ نے 45 رنز بنائے جبکہ عادل بٹ نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ سپر اوور میں جاز کی ٹیم نے کامیابی حاصل کر لی ۔ اعجاز رفیق کو بہترین کارکردگی پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ ریس کورس کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں نووا میڈ کی ٹیم نے سٹوورٹ کو 33 رنزسے شکست دیدی۔ نووا میڈ کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے۔ اویس ملک نے 26 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ علی حسین نے 3کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں سٹوورٹ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 91 رنز ہی بنا سکی۔ سٹوورٹ کی جانب سے عمر ایاز 19 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔متین شیراز نے مخالف ٹیم کے 4کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کیا۔ ریس کورس کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں سی جی اے نے ڈیسکون کو 6 وکٹوں سے شکست دی۔ ڈیسکون کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوا مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے، رانا طاہر نے 82 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ۔ سی جی اے اے کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف آخری اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ کاشف غالب نے 66 رنز بنائے جبکہ وسیم ویلیم نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ بہترین کارکردگی پر کاشف غالب کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ پریمئر سپر لیگ کے رائونڈ میچز کا سلسلہ اگلے ہفتے بھی جاری رہے گا۔

تعارف: newseditor