بیجنگ (سپورٹس لنک رپورٹ)چین اور افغانستان کے خلاف یوتھ فرینڈشپ کرکٹ سیریز کھیلنے کے لیے چین میں موجود پاکستان انڈر۔19 ٹیم نے پیر کو بیجنگ میں خوب سیر کی۔پاکستان اور افغانستان کی ٹیموں کو پہلے ایک ساتھ تاریخی دیوار چین کی سیر کرائی گئی اور کرکٹرز کو دیوار چین کی تاریخ کے بارے میں بتایا گیا۔ کھلاڑیوں نے تصاویر، سیلفیز اور یادگاری گروپ فوٹو بھی بنوایا۔اس کے بعد پاکستان انڈر۔19 نے افغان ٹیم کے ہمراہ بیجنگ کے اولمپکس اسٹیڈیم ‘برڈز نیسٹ’ کا بھی دورہ کیا اور شہرہ آفاق اولمپکس اسٹیڈیم میں تصاویر بنوائیں۔
پاکستان، افغانستان، چین یوتھ فرینڈ شپ سیریز کے پہلے مرحلے میں جینان میں تین میچز کھیلے جاچکے ہیں، منگل کو دونوں ٹیموں کو کلچر ایکسچینج پروگرام کے تحت بیجنگ کے مخلتف مقامات کی سیر کرائی جائے گی۔بدھ کو آخری مرحلے میں پاکستان اور افغانستان کے کرکٹرز مقامی یونیورسٹی میں چینی کرکٹرز اور طلبا کے ساتھ میچ کھیلیں گے۔چین میں کرکٹ کے فروغ کے لیے پشاور زلمی نے دو سال قبل دو چینی کرکٹرز کو پی ایس ایل اسکواڈ کے ساتھ ٹریننگ کرائی تھی۔پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کے مشورے پر ہی یوتھ فرینڈ شپ کرکٹ سیریز کا انعقاد کیا گیا ہے، جس کا مقصد چین میں کرکٹ کا فروغ اور نوجوان کرکٹرز کو ایک دوسرے کے کلچر کو سمجھنا اور امن کا پیغام دینا ہے۔