نئی دہلی (سپورٹس لنک رپورٹ)بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم نے مشفق الرحیم کی شان دار بلے بازی کی بدولت بھارت کو اس کے ہوم گراؤنڈ میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں برتری کے ساتھ ساتھ مختصر طرز کرکٹ میں میزبان ٹیم سے پہلی فتح سمیٹی۔دہلی میں کھیلے گئے تین میچوں کی سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔اسٹار آل راؤنڈر شکیب الحسن سے محروم ہونے والی بنگلہ دیشی ٹیم کے باؤلرز نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور بھارت کی مضبوط بیٹنگ لائن کو چھوٹے اسکور تک محدود رکھا۔شفیع الاسلام اور امین الاسلام نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں اور میزبان ٹیم کو مشکلات سے دوچار کردیا۔ویرات کوہلی کی عدم موجودگی میں ٹیم کی قیادت کرنے والے اسٹار بلے باز روہت شرما صرف 9 رنز بنا سکے اور شفیع الاسلام کی وکٹ بن گئے۔شیکھر دھون نے 41 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز ضرور کھیلی لیکن بنگلہ دیش کے کپتان اور وکٹ کیپر مشفق الرحیم کے گٹھ جوڑ سے رن آؤٹ ہوگئے۔
راہول 1، شیریاس آیئر نے 22 اور رشبھ پانٹ نے 27 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا۔بھارت نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 148 رنز بنا کر بنگلہ دیش کی ٹیم کو ایک آسان ہدف دے دیا۔بنگلہ دیش نے ہدف کا تعاقب ناقص انداز میں کیا جب لٹن داس 8 رنز کے مجموعی اسکور پر صرف 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد محمد نسیم اور سومیہ سرکار نے اسکور کو 54 رنز تک پہنچایا۔محمد نسیم 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، سومیہ سرکار نے 39 رنز کی اننگز کھیلی۔مشفق الرحیم نے 114 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد وکٹ سنبھالی اور ناقابل شکست رہتے ہوئے 60 رنز بنائے جس میں 8 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، کپتان محموداللہ نے 15 رنز بنا کر ان کا ساتھ نبھایا۔بنگلہ دیش نے 149 رنز کا ہدف آخری اوور کی تیسری گیند پر مکمل کرکے سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔مشفق الرحیم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔خیال رہے کہ بنگلہ دیش نے بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پہلی کامیابی حاصل کی اس سے قبل کھیلے گئے تمام 8 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔