انگلینڈ کیخلاف سیریز،قومی ویمن کرکٹ ٹیم کوالالمپور روانہ

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)انگلینڈ کے خلاف سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کوالالمپور روانہ ہوگئی، میچز کا آغاز 9 دسمبر سے ہوگا۔پاکستان ویمن ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ کی قیادت بسمہ معروف کررہی ہیں، ٹیم انگلینڈ کے خلاف 3 ایک روزہ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز ملائیشیا میں کھیلی گی۔سیریز میں شامل تین ایک روزہ میچز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہیں سیریز 9 سے 20 دسمبر تک ملائیشیا میں جاری رہے گی، تمام میچز کنرارا اوول ، کوالالمپور میں کھیلے جائیں گے۔

8 ٹیموں پر مشتمل آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر موجود قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا مقابلہ دوسرے نمبر پر موجود انگلینڈ کی ٹیم سے ہے۔پاکستان ایک روزہ سیریز میں انگلینڈ کو شکست دے کر نیوزی لینڈ میں شیڈول آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ 2021 میں براہ راست رسائی حاصل کرسکتا ہے۔آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں اب تک 15 میچز میں پاکستان 7میں کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ1 میچ برابر کرچکا جبکہ 7 میچوں میں قومی خواتین ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

آئندہ سال مکمل ہونے والی چیمپئن شپ کے پہلے مرحلے کے اختتام پر چار بہترین ٹیموں کو ورلڈکپ میں براہ راست رسائی ملے گی۔قومی ٹیم کو آل راؤنڈر ثناء میر کی خدمات حاصل نہیں، انہوں نے آرام کی غرض سے کرکٹ سے بریک لیا ہے، بسمہ معروف کی قیادت میں قومی ٹیم کوالالمپور روانگی سے قبل کافی پر جوش نظر آئی ۔

پاکستان بمقابلہ انگلینڈ سیریز کا شیڈول

9 دسمبر: پہلا ایک روزہ میچ، پاکستان بمقابلہ انگلینڈبمقام کنرارا اکیڈمی اوول (آئی سی ویمنز چیمپئن شپ)

12 دسمبر: دوسرا ایک روزہ میچ، پاکستان بمقابلہ انگلینڈبمقام کنرارا اکیڈمی اوول (آئی سی ویمنز چیمپئن شپ)

14 دسمبر: تیسرا ایک روزہ میچ، پاکستان بمقابلہ انگلینڈبمقام کنرارااکیڈمی اوول (آئی سی ویمنز چیمپئن شپ)

17دسمبر: پہلا ٹی ٹونٹی میچ، پاکستان بمقابلہ انگلینڈبمقام کنرارااکیڈمی اوول

19 دسمبر: دوسرا ٹی ٹونٹی میچ، پاکستان بمقابلہ انگلینڈ بمقام کنرارا اکیڈمی اوول

20 دسمبر: تیسرا ٹی ٹونٹی میچ ، پاکستان بمقابلہ انگلیند بمقام کنرارا اکیڈمی اوول

error: Content is protected !!