مردان۔(نما ٸیند ہ حصو صی) سینئر صوبائی وزیر محمد عاطف خان نے مردان سپر لیگ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں ایم پی ایز ملک شوکت، ظاہر شاہ طورو، عبد السلام آفریدی، طفیل انجم کے علاوہ ڈپٹی کمشنر مردان محمد عابد خان وزیر، ڈی پی او سجاد خان، سابقہ ضلع ناظم احتشام خان، چیئرمین مردان سپر لیگ حاجی عبد العزیز خان،ریجنل سپورٹس آفیسر میر بشیر، ڈسٹرکٹ سپورٹس افیسر ابضار خان، قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی فخر زمان، یاسر شاہ، عثمان شنواری اور دیگر بھی موجود تھے۔
اس ٹورنامنٹ میں کل 6ٹیمیں حصہ لے گی۔ جن میں کاٹلنگ پختون، تخت بھائی باتوران، ہوتی مردان زلمے، رستم ننگیالی، باغ ارم بریالی اور طورو بہادران شامل ہیں۔ سینئر صوبائی وزیر نے باضابطہ طور پر فیتہ کاٹ کر مردان سپر لیگ ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔ افتتاحی میچ کاٹلنگ پختون اور تخت بھائی باتوران کے درمیان آج کھیلا جائیگا۔ سینئر صوبائی وزیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے میدان آباد کرنے اور مختلف کھیلوں کے فروغ کیلئے صوبائی حکومت عملی اقدامات اٹھارہی ہیں، اور اس ضمن میں اربوں خر چ کررہی ہیں
ا نہوں نے کہا کہ مختلف کھیلوں کیلئے کوچز ہائیر کئے گئے ہیں، اور انہیں ماہانہ 80ہزار روپے اعزازیہ دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے بجٹ میں سپورٹس کیلئے 28ارب کی کثیر رقم رکھی ہوئی ہے جس سے کھیلوں کے مد میں مختلف ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جائینگے۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ مردان سپر لیگ سے مردان کا نام دنیا بھر میں روشن ہوگا، اور کھیلوں کے لحاظ سے یہ ضلع اور بھی زرخیز ہوجائیگا۔ صوبائی وزیر نے مردان سپر لیگ کے چیئرمین عبد العزیز خان کو بہترین ٹورنامنٹ کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا جو کہ قابل ستائش ہے۔ انہوں نے متعلقہ سپورٹس آفیسرز کو ہدایت کی کہ مردان سپورٹس کمپلیکس میں مرمت اور دیگر ضروری کاموں کو مکمل کرنے کیلئے جامع پی سی ون تیار کرکے صوبائی حکومت کو ارسال کریں تاکہ ان کاموں کو مکمل کیا جاسکیں۔