لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ ) قذافی سٹیڈیم میں تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کیلئے کیوریٹرز پچز کی تیاری کرنے میں مصروف ہیں-کیوریٹرز نے پریکٹس سیشن کے اختتام پر وکٹوں سے کور ہٹا کر پچ کا جائزہ لیا تو چیف سلیکٹر و ہیڈکوچ مصباح الحق خود کو وکٹ سے دور نہ رکھ پائے اور کیوریٹرز کے پاس دورے چلے آئے اور پچ کا جائزہ لیا۔ ، کیوریٹرز سے اصلاح مشورے کرتے رہے وہیں ذرائع کے مطابق کیوریٹرز شائقین کرکٹ کو چوکوں چھکوں سے انجوائے کرانے کیلئے بیٹنگ فرینڈلی وکٹ بنارہے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ جمعہ کو قذافی سٹیڈیم ،لاہور میں کھیلا جائے گا۔ بنگلہ دیش کی ٹیم پاکستان پہنچ چکی ہے، میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دن 2 بجے شروع ہوگا۔
پاکستان ٹیم کی قیادت بابر اعظم کرینگے جبکہ بنگلہ دیشی ٹی ٹونٹی ٹیم کی کمان 33 سالہ محمود اللہ کو سونپی گئی ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کے دوران سکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ قذافی سٹیڈیم کے اطراف میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے پہلے ہی بنگلہ دیش کیخلاف تین ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کیلئے 15 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کر رکھا ہے، نومبر میں دورہ آسٹریلیا کیلئے روانہ ہونیوالی16 رکنی قومی ٹی ٹونٹی سکواڈ میں7 تبدیلیاں کی گئی ہیں، جس کے مطابق تجربہ کار شعیب ملک، محمد حفیظ اور شاہین شاہ آفریدی کی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے، فخر زمان، آصف علی، حارث سہیل، امام الحق، وہاب ریاض، محمد عامر اور محمد عرفان کو ڈراپ کردیا گیا ہے، بابر اعظم ٹیم کے کپتان ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں احسان علی، عماد بٹ، حارث رؤف، افتخار احمد، عماد وسیم ، خوشدل شاہ، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد رضوان( وکٹ کیپر)، شاہین شاہ آفریدی، شعیب ملک اور عثمان قادر شامل ہیں،دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ 25 جنوری جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی میچ 27 جنوری کو لاہور میں کھیلا جائیگا۔
پاکستان ٹیم لاہور میں موجود ہے جہاں وہ سیریز کیلئے بھرپور تیاریوں میں مصروف ہے۔ واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین شیڈول تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کیلئے رنجن مدوگالے کو میچ ریفری مقرر کیا ہے ۔ احسن رضا اور شوزب رضا امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔ احمد شہاب کو تھرڈ اور طارق رشید کو فورتھ امپائر مقرر کیا گیا ہے۔