کورونا وائرس کے باعث پی سی بی رمضان میں کسی ٹورنامنٹ کااین او سی نہیں دے گا

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے رمضان کرکٹ ٹورنامنٹس کیلئے این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر رمضان میں کسی کرکٹ سرگرمی کیلئے این او سی نہیں دیا جائے گا۔ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام تر سرگرمیوں کو پہلے ہی معطل کررکھا ہے

منتظمین اور کرکٹرز سے درخواست ہے کہ احتیاطی تدابیر پرعمل کریں۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ چند منتظمین نے ہم سے رمضان کرکٹ کیلئے این او سی کے حصول کی غرض سے وضاحت طلب کرنے کیلئے رابطہ کیا لیکن اس وقت مناسب یہی ہے کہ ہم اس سلسلہ میں اپنی واضح اور جامع پالیسی پر عمل کریں جس کے مطابق پی سی بی نے فی الوقت تمام تر کرکٹ سرگرمیوں کو معطل کر رکھا ہے

لہٰذا جب تک حالات معمول پر نہیں آتے پی سی بی رمضان کرکٹ کیلئے کوئی این او سی جاری نہیں کرے گا۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ملازمین اور کھلاڑیوں کی حفاظت اور فلاح و بہبود کے حوالہ سے بہت سنجیدہ ہے، ملازمین کے علاوہ تقریباً 220 پیشہ ور کرکٹرز پی سی بی کے پے رول پر ہیں، پی سی بی اس عمل کو یقینی بنائے گا کہ تمام کھلاڑیوں کو کم از کم مالی سال برائے 2019-20ء کے اختتام تک ان کی تنخواہیں ادا کی جائیں۔

error: Content is protected !!