حکومت کرونا وائرس کے باعث مشکل حالات میں پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کی خصوصی مالی معاونت کرے۔ صدر فیڈریشن مدثر آرائیں کی حکومت سے اپیل

اسلام آباد ( سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر رزاق آرائیں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ حکومت کرونا وائرس کے باعث مشکل حالات میں پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کی خصوصی مالی معاونت کرے اور اس سلسلہ میں پاکستان نیٹ بال فیڈریشن نے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کو خط بھی لکھ دیا ہے،گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت کرونا وائرس کے باعث مشکل حالات میں پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے اور جس کے باعث فیڈریشن کے ملازمین بھی تنخواہوں سمیت دیگر مالی مشکلات کے پیش نظر دوچار ہیں، انہوں نے کہا کہ فیڈریشن نے ملازمین کی تنخواہیں، دفتر کا کرایہ، بجلی اور ٹیلی فون کے واجبات بھی ادا کرنے ہیں

اس کے علاوہ روواں سال فروری اور مارچ 2020ء میں پاکستان نیٹ بال فیڈریشن مردوں کی قومی نیٹ بال چیمپیئن شپ، خواتین کی قومی نیٹ بال چیمپیئن شپ، بین الصوبائی نیٹ بال چیمپیئن شپ اور کوچنگ کورسز کا انعقاد بھی کرچکی ہے اس پر لاکھوں روپے خرچہ ہوئے ہیں اور اس کے علاوہ سائوتھ ایشین چیمپیئن شپ میں شرکت کے اخراجات کی ادائیگی کرنی باقی ہے، مدثر آرائیں نے کہا کہ پاکستان عالمی نیٹ چیمپیئن شپ کے لئے کوالیفائی کرچکا ہے یہ چیمپیئن شپ آئندہ برس مارچ 2021ء میں آسٹریلیا میں کھیلی جائے گی جس میں بھی پاکستان کی شرکت ضروری ہے، انہوں نے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کے نام خط میں لکھا ہے کہ قومی نیٹ بال ٹیم کی گذشتہ برس اکتوبر میں نیپال میں کھیلی جانے والی سائوتھ ایشین نیٹ بال میں شرکت کے لئے پاکستان سپورٹس بورڈ کو خصوصی گرانٹ 35 لاکھ، 43 ہزار اور چھ سو روپے کے لئے خط لکھا تھا جس پر پاکستان سپورٹس بورڈ نے وزارت بین الصوبائی رابطہ کو 25 لاکھ روپے دینے سفارش کی تھی

قومی نیٹ بال ٹیم گذشتہ برس 18 سے 22 اکتوبر تک نیپال میں کھیلی گئی سائوتھ ایشین نیٹ بال چیمپیئن شپ میں شرکت بھی کرچکی ہے اور اس کو بھی 6 ماہ ہوچکے ہیں لیکن پاکستان نیٹ بال فیڈریشن ابھی تک اس خصوصی گرانٹ کی منتظر ہے، انہوں نے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے اپیل کی ہے پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کو 25 لاکھ کی خصوصی گرانٹ جلد از جلد جاری کی جائے تاکہ ملازمین کی تنخواہوں اور دیگر دفتر کا کرایہ، یوٹیلٹی بلز کے واجبات کی ادائیگی ہو سکے۔

error: Content is protected !!