اسلام آباد (جی سی این رپورٹ) قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے ٹینس اسٹار اعصام الحق کی کورونا متاثرین کے لیے شروع کی گئی امدادی مہم میں اپنا حصہ ڈالتے ہوئے اپنا دستخط شدہ بیٹ عطیہ کردیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اعصام الحق نے اپنے اکاؤنٹ سے کامران اکمل کا ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا جس میں انہوں نے بتایا کہ اعصام الحق کو عطیہ کیا جانے والا بیٹ ان کے دل کے بہت قریب ہے لیکن وہ یہ بیٹ ایک نیک مقصد کیلئے دے رہے ہیں۔
45 سیکنڈ پر مبنی ویڈیو پیغام میں کامران اکمل نے بتایا کہ اعصام الحق اچھا کام کررہے ہیں، ہمارا فرض ہے کہ ہم انہیں سپورٹ کریں اس لیے میں انہیں اپنے دل سے قریب بیٹ دے رہا ہوں تاکہ وہ کورونا متاثرین کی مدد کرسکیں۔انہوں نے بتایا کہ عطیہ کئے جانے والے بیٹ سے انہوں نے کراچی میں پی ایس ایل کے سیزن ٹو میں پہلی سنچری بنائی تھی، سیزن 3 میں لاہور قلندرز کے خلاف شارجہ میں سنچری داغ چکے ہیں۔کامران اکمل نے بتایا کہ اسی بیٹ سے وہ تیز ترین نصف سنچری بھی بنانے میں کامیاب رہے تھے اور ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی وہ اس سے قابلِ فخر کھیل پیش کرچکے ہیں۔انہوں نے یہ یقین دہانی بھی کروائی کہ وہ مستقبل میں بھی اعصام الحق کی مہم کو سپورٹ کرتے ہوئے اس کا حصہ بنتے رہیں گے۔ٹینس اسٹار نے کامران اکمل کے اس عمل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔کامران اکمل کا اس ٹوئٹ کے ردعمل میں کہنا تھا کہ وہ اس عظیم مہم کا حصہ بننے پر بے حد خوش ہیں، اللّہ ہماری کوششوں کو قبول فرمائے۔اس سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بائولر شعیب اختر نے اعصام الحق فائونڈیشن کو شاہ رخ خان کا دستخط شدہ ہیلمٹ عطیہ کیا تھا۔