محمد عامر اور حسن علی نے فٹنس کیلئے قائم پی سی بی واٹس ایپ گروپ کیوں چھوڑ دیا؟

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ ) سینٹرل کانٹریکٹ سے باہر ہونے والے قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلرز محمد عامر اور حسن علی نے پی سی بی کا واٹس ایپ فٹنس گروپ چھوڑ دیا،اسے فٹنس کے حوالے سے مشورے دینے کے لیے قائم کیا گیا تھا،ابتدائی طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ اس کی وجہ ناراضگی ہے یا کچھ اور ہے۔

دوسری جانب ٹیم ذرائع کا کہنا ہے کہ جب کوئی کھلاڑی کسی طرز کی ٹیم یا سینٹرل کانٹریکٹ میں شامل نہ ہو تووہ از خود گروپس چھوڑ دیتا ہے،اس میں کوئی غیر معمولی بات نہیں ہوتی ،البتہ حسن علی کے بارے میں یہ بات حیران کن ہے کہ وہ انجری مسائل کا شکار ہیں ایسے میں فٹنس گروپ کیوں چھوڑ دیا؟۔

معاہدے سے محروم تیسرے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض اب بھی گروپ میں موجود ہیں۔تینوں فاسٹ باؤلرز پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اس فیصلے سے سخت ناخوش ہیں البتہ عوامی سطح پر بات کرنے سے گریز کررہے ہیں ۔ یاد رہے کہ حسن علی نے ایک طنزیہ ٹویٹ کرنے کے بعد ڈیلیٹ کردی تھی ،گزشتہ سال محمد عامر نے سینٹرل کانٹریکٹ میں تنزلی پر بھی بالکل ایسا ہی کیا تھا۔

error: Content is protected !!