کولمبو(سپورٹس لنک رپورٹ)سری لنکا کی وزارت کھیل نے ورلڈ کپ 2011ء فائنل کے مبینہ طور پر فکسڈ ہونے کے الزامات کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔سری لنکا کے سابق وزیر کھیل مہندا نندا آلتوگماگے نے گزشتہ روز ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ پورے وثوق سے کہہ سکتے ہیں کہ 2011ء میں سری لنکا اور بھارت کے درمیان کرکٹ ورلڈ کپ کا فائنل فکسڈ تھا۔سابق وزیر کے بیان کے بعد سری لنکا کی وزارت کھیل کی جانب سے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ میں ایک درخواست جمع کرادی گئی جس میں ان الزامات کی باضابطہ تحقیقات کا کہا گیا ہے۔
ممبئی میں ورلڈ کپ2011ء کے فائنل میں بھارت نے سری لنکا کو 6 وکٹ سے شکست دے کر دوسری مرتبہ یہ ٹائٹل حاصل کیا تھا۔ سری لنکن ٹی وی کو انٹرویو میں سری لنکا کے سابق وزیر کھیل مہندا نندا آلتوگماگے کا کہنا تھا کہ وہ سال 2011 میں کھیلوں کے وزیر رہے ہیں، وہ یہ بات وثوق سے کہتے ہیں کہ 2011 کرکٹ ورلڈ کپ کا فائنل بیچا گیا تھا۔بھارتی کھلاڑیو ں نے ایسے تمام الزامات کی سختی سے تردید کررکھی ہے۔اس میچ کے بارے میں سابق کپتان رانا ٹنگا نے بھی سوالات اٹھائے تھے، ان کا کہنا تھا کہ جب ہم ہارے تھے تو میں شدید اضطراب میں تھا، انہیں لگتا ہے کہ کچھ غلط ہو ا ہے، اس میچ کی تحقیقات کرائی جانی چاہیے، رانا ٹنگا اس میچ کے دوران بحیثت کمنٹیٹر اسٹیڈیم میں موجود تھے۔