ویسٹ انڈیز کرکٹرز کا قرنطینہ ختم،پریکٹس شروع

لندن (سپورٹس لنک رپورٹ)انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل مہمان ویسٹ انڈین ٹیم قرنطینہ کا عرصہ مکمل کر کے میدان میں پہنچ گئی جس کے کھلاڑیوں نے انٹرا سکواڈ وارم اپ میچ بھی کھیلا جبکہ انگلش ٹیم کے 30 کرکٹرز اور پندرہ ٹیم آفیشلز بھی ساؤتھمپٹن پہنچ گئے ہیں جن کو سیریز سے قبل سخت ترین پروٹوکولز کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ویسٹ انڈین کھلاڑیوں نے گزشتہ روز میدان سنبھال کر آپس میں میچ کھیل کر خود کو گرمایا جس کے دوران شائی ہوپ اور الزاری جوزف نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا جبکہ انگلش کرکٹرز اور دیگر ٹیم آفیشلز بھی ساؤتھمپٹن پہنچ گئے جن کا گراؤنڈ کے احاطے میں واقع فائیو سٹار ہوٹل کے تیسرے فلور پر قیام ہوگا جبکہ پورے دستے کو اس سے قبل کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ سے گزرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیمیں آٹھ جولائی سے ساؤتھمپٹن میں سیریز کا پہلا ٹیسٹ کھیلیں گی لیکن برطانوی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں چار جولائی سے نرمی کا فیصلہ کیا گیا ہے لہٰذا انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے کرکٹرز کو اس سے قبل سخت احتیاطی تدابیر اختیار کرنی ہوں گی اور پریکٹس یا ٹریننگ کے دوران دو میٹر فاصلے کی پابندی لازمی ہوگی۔

ای سی بی حکام کا کہنا ہے کہ ان کی اولین ذمہ داری یہی ہے کہ ہر ایک کی حفاظت کا خیال رکھتے ہوئے سیریز کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے خاص کر ویسٹ انڈین ٹیم کیلئے حفاظتی انتظامات کو پیش نظر رکھا جائے گا جس نے انگلینڈ آنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تعارف: newseditor