لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ )نوجوان وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر کو دورہ انگلینڈ کے لیے ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کر لیا گیا۔ روحیل نذیر نے رواں برس جنوبی افریقا میں ہونے والے آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کی قیادت کی تھی، روحیل نذیر کو وکٹ کیپر محمد رضوان کے متبادل کے طور پر ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا ہے کیونکہ محمد رضوان کا کووڈ 19 ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا تھا۔اس کے علاوہ ٹیم کے مساجر ملنگ علی کا بھی کووڈ 19 ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد محمد عمران کو بیک اپ کے طور پر شامل کر لیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تصدیق کی ہے کہ 5 ریزرو کرکٹرز اور منیجمنٹ کے ایک رکن کے کووڈ 19 ٹیسٹ مکمل کرلیے گئے ہیں۔ 5 ریزرو کھلاڑیوں میں بلال آصف، عمران بٹ، محمد نواز، موسیٰ خان اور روحیل نذیر کے نام شامل ہیں۔بلال آصف، عمران بٹ، موسیٰ خان اور محمد نواز کو پہلے ہی دورہ انگلینڈ کے لیے اعلان کردہ 4 ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کرلیا گیا تھا تاہم محمد رضوان کی جگہ روحیل نذیر کی بطور بیک اپ وکٹ کیپر اور ملنگ علی کی جگہ محمد عمران کی بطور بیک اپ مساجر کووڈ 19 ٹیسٹنگ کی گئی ہے۔