لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل)کے میچز اسٹیڈیم میں دیکھنے سے محروم رہ جانے والے شائقین کو 2 کروڑ 70 لاکھ سے زائد کی رقم واپس کردی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام پی ایس ایل ٹکٹس ری فنڈ کا پہلا مرحلہ 13 جولائی سے شروع ہوا تھا،پہلے مرحلے میں بارش سے متاثرہ راولپنڈی کا میچ اورکورونا وائرس کی وجہ سے تماشائیوں کے بغیر ہونے والے 5 میچز کی ٹکٹیں ری فنڈ ہورہی ہیں ۔
پی سی بی ایک ہفتے میں اب تک 27 ہزار 539 ٹکٹیں واپس کرچکا ہے جس کی مجموعی مالیت 2 کروڑ 70 لاکھ، 65 ہزار 300 روپے بنتی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پی ایس ایل ٹکٹ ری فنڈز کے پہلے روز ایک کروڑ ، دوسرے روز 55 لاکھ، تیسرے روز 43 لاکھ 88 ہزار، چوتھے روز 32 لاکھ 61 ہزار، پانچویں روز 22 لاکھ 66 ہزار اور چھٹے روز 16 لاکھ 34 ہزار سے زائد رقم شائقین کو واپس کی گئی ۔پی سی بی کے مطابق ٹکٹس ری فنڈ کا پہلا مرحلہ 5 اگست تک جاری رہے گا پھر6 اگست سے شروع ہونے والے دوسرے مرحلے میں فائنل کے ٹکٹس ری فنڈ کیے جائیں گے۔