آن لائن تربیتی ورکشاپ کا مقصد بین الاقوامی مقابلوں کے لئے کھلاڑیوں کو تیار کرنا ہے،گھٹنے کی چوٹ اور اسکے علاج کے بارے میں جاننا ضروری
ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی،سلمان فیروز اور ڈاکٹر نعمان نے لیکچرز دیئے، 100سے زائد سپورٹس شخصیات، کوچز ، کھلاڑیوں اور افسران نے شرکت کی
لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا ہے کہ کورونا وباء کے باوجود سپورٹس بورڈ پنجاب اپناکام جاری رکھے ہوئے ہے، سپورٹس میں انجریز بہت حساس معاملہ ہے، مکمل طور پر فٹ اور تندرست کھلاڑی ہی کھیل کے میدان میں کامیابی حاصل کرکے ملک وقوم کا نام روشن کرسکتا ہے، اس لئے افسران، کوچز اور کھلاڑیوں کے لئے گھٹنے کی چوٹ اور اس کے علاج پر آن لائن تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا ہے، ماہرین نے بہترین لیکچرز دیئے ہیں، آئندہ بھی ایسی آن لائن تربیتی ورکشاپ منعقد کرتے رہیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میںیوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب اور سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام گھٹنے کی چوٹ اور اس کے علاج کے حوالے سے آن لائن تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے ورکشاپ کا افتتاح کیا، ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی ،سلمان فیروز، اور ڈاکٹر نعمان نے لیکچرز دیئے، ورکشاپ میں پاکستان بھر سے 100 سے زائد سپورٹس شخصیات، کوچز اور کھلاڑی شریک ہوئے، ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے مزید کہا ہے کہ آن لائن تربیتی ورکشاپ کا مقصد بین الاقوامی مقابلوں کے لئے پنجاب کے کھلاڑیوں کو تیار کرنا ہے،کھلاڑی کے لئے فٹنس بہت ضروری ہے
جس کے بغیر کامیابی حاصل کرنا ناممکن ہے،کوچز، کھلاڑیوں اور افسران کو کھیل کے دوران گھٹنے پر چوٹ لگنے سے اس کی فوری طبی امداد فراہم کرنے اور چوٹ سے بچائو کے لئے اقدامات کے بارے میں جاننا بہت ضروری ہے، ماہرین افسران، کوچز اور کھلاڑیوں کو بہترین آگاہی دی ہے، سپورٹس کی ترقی کے لئے یہ عمل ضروری ہے، آئندہ بھی ایسی آن لائن تربیتی ورکشاپ منعقد کرتے رہیں گے، ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی نے ورکشاپ کے بہترین انتظامات کئے ہیں
ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی نے چارٹوں کی مددسے کھلاڑیوں کی فٹنس اور انجریز کے بارے میں آگاہی دی، انہوں نے بتایا کہ یہ مقابلے کا دور ہے، کھلاڑیوں کو فٹنس پر زیادہ توجہ دینا ہوگی جبکہ ٹرینرز اور کوچز کو بھی معلوم ہونا چاہئے کہ انہوں نے کھلاڑیوں کو کیسے فٹ رکھنا ہے
سلمان فیروز نے کہا کہ کھلاڑی کی ٹانگیں مضبوط ہونا ضروری ہے جس کی مختلف مشقیں کرنا لازمی ہے، کھلاڑی کے اسٹیمنا کا دارومدار ٹانگوں پر ہوتا ہے جس پر خصوصی توجہ دینی چاہئے، ڈاکٹر نعمان نے کہا کہ کھیل میں چوٹ سے بچنا بھی لازمی جز ہے اور اگر چوٹ لگ جائے تو بحالی کے لئے فوری طور پر کام کرنا چاہئے۔