سدرن پنجاب اور خیبرپختونخوا نے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کی ٹرافی پر نظریں جمالیں

ملتان(سپورٹس لنک رپورٹ)نیشنل ٹی ٹونٹی کپ فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کا پہلا مرحلہ تیس ستمبر سے ملتان میں شروع ہوگا جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 18 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ دیگر چار ٹیموں کی طرح سدرن پنجاب اور خیبرپختونخوا کی ٹیموں نے بھی ایونٹ کی چمچماتی ٹرافی پر نظریں جما رکھی ہیں۔

خیبرپختونخوا:

تجربہ کار اور ٹی ٹونٹی کرکٹ کے معروف کھلاڑیوں پر مشتمل خیبرپختونخوا کی ٹیم فینز کےساتھ ساتھ کئی سابق کرکٹرز کی بھی فیورٹ ہے۔ محمد رضوان کی قیادت میں میدان میں اترنے والی اس ٹیم میں شعیب ملک، محمد حفیظ اوروہاب ریاض جیسے ٹی ٹونٹی اسپیشلسٹ کرکٹرز موجود ہیں ۔ان تینوں کرکٹرز کے پاس مجموعی طور پر 932 ٹی ٹونٹی میچوں کا تجربہ ہے۔

خيبر پختونخوا کی ٹیم اپنی اننگز کا آغاز بائيں ہاتھ کے بيٹسمين فخر زمان اور صاحبزادہ فرحان جیسے اوپنرز سے کرے گی۔ مڈل آرڈر میں محمد حفیظ کے ساتھ ساتھ کپتان محمد رضوان ، شعيب ملک اور افتخار احمد ان ايکشن ہوں گے۔

خيبر پختونخواکی باؤلنگ کا انحصار فاسٹ باؤلر وہاب رياض اور جنید خان سمیت پاکستان کے ابھرتے ہوئے فاسٹ باؤلر عثمان شنواری کے تیز رفتار اسپیلز پر ہوگا۔

حال میں انگلينڈ کے خلاف ٹيسٹ سيريز کے بہترين کھلاڑی کا ايوارڈ حاصل کرنے والے محمد رضوان نے گزشتہ برس نيشل ٹی ٹونٹی کپ کی چھ اننگز ميں 43 کی اوسط سے 215 رنز بنائے تھے۔

اُبھرتے ہوئے اسٹار شاہين شاہ آفريدی بھی نيشنل ٹی ٹونٹی کپ ميں باؤلنگ کرتے نظر آئيں گے، انہوں نے حال ہی میں وائٹلٹی بلاسٹ ٹی ٹونٹی ميں ہمپشائر کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک ميچ ميں چھ وکٹيں حاصل کی تھیں۔

ايچ بی ايل پی ايس ايل 2020 ميں کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والےفاسٹ باؤلر ارشد اقبال کو بھی عبدالرزاق کی ہیڈ کوچنگ میں سيکھنے کا موقع مل رہا ہے۔

اسپن باؤلنگ اٹيک ميں خيبرپختونخوا کو ليگ اسپنر محمد محسن اور ليفٹ آرم اسپنر زوہيب خان کی خدمات حاصل ہيں۔انڈر19 کے وکٹ کيپر بيٹسمین محمد حارث بھی ایونٹ میں خیبرپختونخوا کی نمائندگی کررہے ہیں جہاں انہيں اپنی صلاحیتیں نکھارنےکا موقع ملے گا۔

سدرن پنجاب:

شان مسعود کی قيادت ميں سدرن پنجاب کی ٹيم نوجوان اور سينئر کھلاڑيوں پر مشتمل ہے۔ یہاں اننگز کے آغاز میں شان مسعود کا ساتھ ايچ بی ايل پی ايس ايل 2020 ميں ملتان سلطانز کے اسکواڈ میں ان کے ساتھی وکٹ کيپر بيٹسمين ذيشان اشرف ديں گے۔

گزشتہ سال ذيشان اشرف نيشنل ٹی ٹونٹی کپ سيکنڈ اليون کے ٹاپ اسکورر تھے۔ اسی کارکردگی کی بنیاد پر انہیں ايچ بی ايل پی ايس ايل 2020 میں وائلڈ کارڈ کيٹيگری کے ذریعے پک کيا گيا تھا۔

سدرن پنجاب کی مڈل آرڈر بیٹنگ لائن اپ میں حسين طلعت، خوشدل شاہ اور صہيب مقصود جیسے ہارڈ ہٹر بیٹسمین موجود ہیں۔ خصوصاََ خوشدل شاہ اور صہيب مقصود کی وجہ شہرت ان کی چھکے جڑنے کی صلاحیت ہے۔

سدرن پنجاب کو آلراؤنڈر عامر يامين اور بلاول بھٹی کے ساتھ ساتھ بائيں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر راحت علی اوردراز قد محمد عرفان کی خدمات حاصل ہوں گی۔

پاکستان کے تجربہ کارفاسٹ باؤلرمحمد عباس اور نوجوان کرکٹر محمد الياس بھی سدرن پنجاب کی شرٹ زیب تن کیے میدان میں اتریں گے۔ اسپن باؤلنگ کے شعبے ميں نوجوان عمر خان اور ليگ اسپنر زاہد محمود بھی میدان میں کپتان شان مسعود کی کال کا انتظار کریں گے۔

اسکواڈز:
خیبرپختونخوا:
محمد رضوان ( کپتان، وکٹ کیپر)، جنید خان ، ارشد اقبال، آصف آفریدی، فخر زمان، افتخار احمد، عمران خان سینئر، محمد حفیظ، محمد حارث، محمد محسن، صاحبزادہ فرحان، شاہین شاہ آفریدی، شعیب ملک، عثمان خان شنواری، وہاب ریاض اور ذوہیب خان۔
اسپورٹ اسٹاف:
فرخ زمان(منیجر)، عبدلرزاق (ہیڈ کوچ)، آفتاب خان (اسسٹنٹ کوچ)، عمران اللہ (ٹرینر)، ریحان خالد (فزیو) اور ولید احمد (اینالسٹ)
سدرن پنجاب:
شان مسعود (کپتان)، حسین طلعت ،عامر یامین، علی شفیق، بلاول بھٹی، خوشدل، محمد عباس، محمد الیاس، محمد عرفان، راحت علی، سیف بدر، صہیب مقصود، عمر خان، عمر صدیق ، زاہد محمود، اور ذیشان اشرف (وکٹ کیپر) ۔
اسپورٹ اسٹاف:
شاہد بٹ (مینجر)، عبدالر حمٰن (ہیڈ کوچ)، اعزاز چیمہ (اسسٹنٹ کوچ)، خواجہ روحیل علی (ٹرینر)، محمد طیب (فزیو)، اور محمد فیصل رائے (اینالسٹ)۔

error: Content is protected !!