نیشنل ٹی ٹونٹی کپ: بلوچستان نے سندھ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 رنز سے شکست دے دی


ملتان(سپورٹس لنک رپورٹ)ملتان کرکٹ اسٹيڈيم ميں جاری نيشنل ٹی ٹونٹی کپکے تيسرے ميچ ميں بلوچستان نے سنسنی خيز مقابلے کے بعد سندھ کو 2 رنز سے شکست دےدی۔ بلوچستان کے 181رنز کے تعاقب ميں سندھ کی ٹيم مقررہ 20 اوورز ميں 9 وکٹوں پر 178 رنز ہی بنا سکی۔

سندھ کےسہيل خان نے16 گيندوں پر 2 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 31 رنز کی اننگز کھیل کر میچ کو دلچسپ مرحلے میں پہنچا دیا تاہم وہ ٹیم کو فتح دلانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ اسد شفيق32 جبکہ سرفراز احمد اور انور علی 20، 20 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

بلوچستان کے آلرؤنڈر عماد بٹ نے 39 رنز دے کر 3 کھلاڑيوں کو پویلين کی راہ دکھائی۔

اس سے قبل بلوچستان کے کپتان حارث سہيل نے ٹاس جيت کر بيٹنگ کا فيصلہ کيا۔ بلوچستان کے وکٹ کيپر بيٹسمين اور پلئير آف دی ميچ بسم اللہ خان کی نصف سنچری کی بدولت بلوچستان نے 20 اوورز ميں 8 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے۔

بسم اللہ خان نے 4 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 58 رنز اسکور کئيے اور چوتھی وکٹ کے ليے کپتان حارث سہيل کے ساتھ 69 رنز کی پارٹنرشپ بنائی۔

فاسٹ باؤلر محمد حسنين نے 31 رنز دے کر 2 کھلاڑيوں کو آؤٹ کيا۔

مین آف دی میچ کا ایوارڈ جیتنے والے بلوچستان کے وکٹ کیپر بیٹسمین بسم اللہ خان کاکہنا ہے کہ اننگز کے آغاز میں تو کریز پرروکنا ہی ان کا ہدف تھا مگر جیسے جیسے وقت گزرتا گیا توانہوں نے ایک منظم حکمت عملی کے تحت رنز بنانے کی رفتار تیز کردی۔ انہوں نے کہا کہ وہ روز بروز اپنے کھیل میں نکھار لانے کی کوشش کرتے ہیں اور اسی کا صلہ ہے کہ ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں انہوں نے ایسی نصف سنچری بنائی جس نے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

بسم اللہ خان نے کہا کہ کوئٹہ اور بلوچستان کے لوگ ان سے بہت محبت کرتے ہیں اور اچھی کارکردگی کے بعد ان کے موبائل پر مبارکبادی پیغامات کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے۔

دونوں ٹیمیں گیارہ اکتوبر کو راولپنڈی میں ایک بار پھر مدمقابل آئیں گی۔

error: Content is protected !!