نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ،پہلے مرحلے میں عبدااللہ شفیق بلے بازوں میں اور شاہین آفریدی بائولرز میں نمبر ون

راولپنڈی (سپورٹس لنک رپورٹ)سنٹرل پنجاب کی ٹیم ایونٹ کے پہلے مرحلے میں متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ تو نہ کرسکی مگران کی بیٹنگ لائن میں شامل 20 سالہ باصلاحیت ٹاپ آرڈر بیٹسمین عبداللہ شفیق نے ملتان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا خوب منوایا۔

فرسٹ کلاس کرکٹ میں ڈیبیو پر سنچری بنانے والے عبداللہ شفیق ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں بھی ڈیبیو میچ پر سنچری بناکر سب کی توجہ اپنی طرف مبذول کرانے میں کامیاب رہے۔ سدرن پنجاب کے خلاف میچ میں 102 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے والے عبداللہ شفیق اب تک ایونٹ میں پانچ میچوں میں 236 رنز بناکر ٹاپ اسکورر ہیں۔خیبرپختونخوا کے تجربہ کار بیٹسمین محمدحفیظ 207 رنز بناکر اب تک سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔

بلوچستان کے امام الحق (195) اور ناردرن کے ذیشان ملک (192) بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔رواں سال ٹی ٹونٹی کرکٹ کے سب سے کامیاب باؤلر شاہین شاہ آفریدی نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں بھی تمام باؤلرز سے سب سے آگے ہیں۔ ایونٹ میں 2 مرتبہ پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے خیبرپختونخوا کے بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر اب تک ایونٹ میں 12 وکٹیں اپنے نام کرچکے ہیں۔ناردرن کے حارث رؤف ، شاداب خان اور موسیٰ خان اس دوڑ میں شاہین شاہ آفریدی سے پیچھے ہیں۔

error: Content is protected !!