نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ،سندھ نے بلوچستان کو شکست دیدی،سرفراز اور امام مشترکہ مین آف دی میچ قرار

راولپنڈی(سپورٹس لنک رپورٹ)راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں سندھ کے کپتان سرفراز احمد اور نوجوان آلراؤنڈر حسان خان کی 22 گیندوں پر 51رنز کی شراکت کی بدولت بلوچستان کو 4 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سندھ نے 174 رنز کا ہدف 19.1 اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں سندھ کی ابتدائی دو وکٹیں محض 34 رنز پر گریں تو اسد شفیق نےاعظم خان کےہمراہ تیسری وکٹ کے لیے 51 رنز جوڑکر ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی تاہم دونوں کھلاڑی بالترتیب 30 اور 27 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے۔

تاہم نوجوان آلراؤنڈر حسان خان نے جب وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کو کریز پر جوائن کیا تو سندھ کو جیت کے لیے 29 گیندوں پر 53 رنز درکار تھے اور اس کی پانچ وکٹیں باقی تھیں مگر دونوں کھلاڑیوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے بلوچستان کے باؤلرز کو دباؤ کا شکار کردیااور پہلے عمر گل اور پھر خرم شہزادکے اوور میں بالترتیب17 اور 20 رنز بناکر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔

سرفراز احمد 28 گیندوں پر 44 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ حسان خان نے 14 گیندوں پر 2 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے ناقابل شکست28 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔بلوچستان کے عماد بٹ اور خرم شہزاد نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل سندھ نے ٹاس جیت کر بلوچستان کو فیلڈنگ کی دعوت دی تو اوپنر امام الحق نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ بائیں ہاتھ کے اوپنر نے 60 گیندوں پر 11 چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 92 رنز بنائے۔وہ 287 رنز بناکر فی الحال ایونٹ کے ٹاپ اسکورر بن گئے ہیں۔ امام الحق نے عبدالواحد اور بسم اللہ خان کے ہمراہ بالترتیب 65 اور 53 رنز کی شراکت قائم کی۔ عبدالواحد نے 32 اور بسم اللہ خان نے ناٹ آؤٹ 16 رنز بنائے۔

بلوچستان نے مقررہ بیس اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے۔سندھ کے حسان خان، انور علی اور سہیل خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

بلوچستان کے امام الحق اور سندھ کے کپتان سرفراز احمد کو مشترکہ طور پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

error: Content is protected !!