سجاس کے تحت خواتین میں کھیلوں اور جرنلزم میں بہتری کے عنوان سے سیمینار

کراچی (اسپورٹس رپورٹر)خواتین محرومی کا رونا چھوڑ کر اپنے حقوق کے لئے آواز اٹھائیں، با ادب معاشرے کی تشکیل کے لئے ہمیں اپنے گھر سے خواتین کے احترام کا درس شروع کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار مختلف کھیلوں میں بین القوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے والی خواتین کھلاڑیوں نے انٹرنیشنل وومن ڈے کے موقع پر اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن سندھ (سجاس) کے تحت خواتین میں کھیلوں اور جرنلزم میں بہتری کے عنوان سے منعقدہ سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سجاس کے تحت کراچی میں سیمنار کا انعقاد سر سید یونیورسٹی انجینیرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں کیا گیا، تفصیلات کے مطابق سیمنار سے سر سید یونیورسٹی انجینیرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین، رجسٹرار کموڈور ریٹائرڈ سرفراز علی،انٹر نیشنل باکسر اینڈ کوچ رضیہ بانو، قومی بیڈمنٹن چیمپیئن پلوشہ بشیر، مارشل ارٹ ایکسپرٹ ماہم زیدی، راؤڈی رائیڈرز کی بانی مرینہ سید، اسپورٹس آرگنائزر عیسیٰ لیب اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ فرح زیدی، اینکر پرسن سویرا پاشا، سینئر اسپورٹس جرنلسٹ و اینکر پرسن نادرہ مشتاق اور عشرت خان نے شرکاء سے زندگی میں اپنے ساتھ پیش انے والے تجربات شیئر کیے، پروگرام کی میزبانی کے فرائض کلثوم جہاں نے ادا کئے، سجاس کے سینئر نائب صدر زبیر نزیر خان نے شرکاء کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا، مقررین کا کہنا تھا کہ اپنی بے بسی اور مجبوری کا رونا رونے سے کچھ نہیں ہوگا،ہمارا معاشرہ مردوں کا معاشرہ کہلاتا ہے یہاں اپنے حق کے لئے ہمیں خود آواز اٹھانا ہوگی، زندگی کے تمام شعبوں میں مردوں کے ساتھ شانابشانا کام کرنے کے باوجود آج تک خواتین کو وہ حقوق نہیں ملے جو ان کا حق ہے، سیاست ہویا تعلیم ، اسپورٹس یا طب کا میدان کوئی بھی شعبہ خواتین کے بغیر مکمل نہیں تاہم اس حقیقت کے باوجود خواتین کا اپنے بنیادی حقوق سے محروم رہنا کسی المیہ سے کم نہیں۔ خواتین کے احترام کا درس ہمیں اپنے گھر سے شروع کرنے کی ضرورت ہے، سیمنار کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین، فرح زیدی اور زبیر نذیر خان نے مقررین کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔۔۔

error: Content is protected !!