ہیڈ کوچز نے قائداعظم ٹرافی کو پلیئرز ڈویلمپنٹ کے لیے اہم قرار دے دیا گیا

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)چھ ٹیموں کے ہیڈ کوچز نے قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کو پلیئرز ڈویلمپنٹ کے لیے اہم قرار دے دیا ہے۔ پاکستان کے پریمیئر کرکٹ ٹورنامنٹ کے لیے اعلان کردہ اسکواڈز پر اظہار خیال کرتے ہوئے تمام ہیڈ کوچز نے اتفاق کیا ہے کہ یہ ایونٹ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بہت اہم ہوگا۔ اس حوالے سے مزید تفصیلات مندرجہ ذیل ہے:

محمد وسیم، ہیڈ کوچ ناردرن:

محمد وسیم نے کہا کہ ہمارے اسکواڈ میں سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کا بہترین کمبی نیشن موجود ہے، کوشش ہوگی کہ زیادہ سے زیادہ نوجوان کھلاڑیوں کو پریمیئر ٹورنامنٹ میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دیں ، اس دوران انہیں سینئرز کی رہنمائی بھی میسر ہوگی۔

باسط علی، ہیڈ کوچ سندھ:

باسط علی کا کہنا ہے کہ سندھ کی ٹیم نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرگئی مگر فائنل ٹو تک نہ پہنچ سکی تاہم یقین ہے کہ یہ اسکواڈ قائداعظم ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سیکنڈ الیون میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو فرسٹ الیون میں نمائندگی دینے کی حمایت کرتے ہیں۔

عبدالرحمٰن، ہیڈ کوچ سدرن پنجاب:

عبدالرحمٰن کا کہنا ہےکہ سدرن پنجاب کی ٹیم مکمل تیار اور قائداعظم ٹرافی کے فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے آغاز کی منتظر ہے۔ انہوں نے کہا کہ شان مسعود کی قیادت میں اعلان کردہ ان کے اسکواڈ میں محمد عباس، محمد عرفان (اسپنر)، حسین طلعت اور سیف بدر جیسے کھلاڑی موجود ہیں، انہیں یقین ہےکہ سدرن پنجاب کی ٹیم ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

فیصل اقبال، ہیڈ کوچ بلوچستان:

فیصل اقبال کاکہنا ہےکہ وہ اسکواڈ کے انتخاب سے مطمئن ہیں اور ان کا اصل ہدف بلوچستان سے زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ میں بھرپور نمائندگی کا موقع دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان بیٹسمین عبدالواحد بنگلزئی نے سیکنڈ الیون اسکواڈ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے فرسٹ الیون میں اپنی جگہ کو یقینی بنایا، جس پر انہیں خوشی ہے۔

شاہد انور، ہیڈ کوچ سنٹرل پنجاب:

شاہد انور کا کہنا ہے کہ ہم نے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں بہت سے نئے لڑکوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دیا اور ان میں عبداللہ شفیق، قاسم اکرم، عرفان خان نیازی اور صہیب اللہ نمایاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ حسن علی اور احمد شہزاد کی واپسی سے اسکواڈ مضبوط ہوگا اور وہ ٹائٹل کا کامیاب دفاع کرنے کی کوشش کریں گے۔

عبدالرزاق، ہیڈ کوچ خیبرپختونخوا:

عبدالرزاق نے کہا کہ اسکواڈ کا انتخاب کرتے وقت انہوں نے گزشتہ سیزن کے بہترین پرفارمرز اور نوجوان کھلاڑیوں کو یکساں کھیلنے کا موقع فراہم کرنے کی کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے بعد اب قائداعظم ٹرافی کا ٹائٹل بھی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

error: Content is protected !!