گرلز اسلامیہ کالج کی طالبات کو انڈورگیمز کی سہولیات فراہم کرینگے، اسفندیار خٹک

پشاور(سپورٹس لنک رپورٹ)اسلامیہ گرلز کالج میں کھیلوں کی ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائے گی تاکہ طالبات کو انڈور گیمز کیلئے کھیلوں کی سہولیات باآسانی میسر ہوں، ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل سپورٹس محکمہ کھیل خیبرپختونخوا اسفندیار خٹک نے گرلز کالج اسلامیہ کالج پشاور کے دورے کے موقع پرگرلز کالج پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر طارق جان کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس اسلامیہ کالج پشاور علی ہوتی بھی ہمراہ موجود تھے۔ گرلز اسلامیہ کالج کے دورے کے دوران ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا اسفندیار خٹک کو کالج پرنسپل کی جانب سے دورے پر یادگاری تحفہ بھی پیش کیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس اسفندیار خٹک نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کالج میں انڈور گیمز کیلئے ہنگامی بنیادوں پر ٹیبل ٹینس اور بیڈمنٹن کا سامان مہیا کیا جائے گا تاکہ طالبات اپنی پڑھائی کے ساتھ ساتھ صحت مند سرگرمیوں کیلئے بھی وقت نکال سکیں اور کھیل کے میدان میں اپنا نام روشن کریں۔ اس موقع پر کالج پرنسپل ڈاکٹر طارق جان نے کالج کے گراؤنڈ کا دورہ کروایا جہاں پر طالبات کیلئے انڈور گیمز کیلئے ہال اور دیگر سہولیات کی فراہمی بارے بات چیت ہوئی جس پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس نے آئندہ مالی سال میں کالج کیلئے انڈور گیمز اور دیگر سہولیات کو ایک ہزار کھیلوں کی سہولیات پروگرام کے دوسرے مرحلے میں شامل کرنے کی یقین دہانی کرائی جس پر پروفیسر ڈاکٹر طارق جان نے ان کا شکریہ ادا کیااور خواہش ظاہر کی کہ جلدہی طالبات کیلئے کالج میں سپورٹس گالا کا بھی انعقاد کیا جائے گا جس پرڈائریکٹر جنرل سپورٹس نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

error: Content is protected !!