بیس بال کو انٹر بورڈ اسپورٹس میں شامل کرنے پر سندھ بیس بال ایسوسی ایشن کا اظہار تشکر

کوٹری(پرویز شیخ) بیس بال کھیل کو انٹر بورڈ اسپورٹس میں شامل کرنے پر سندھ بیس بال ایسوسی ایشن نے اظہار تشکر کیا ہے۔کوٹری اور حیدرآباد ڈویژن کے مختلف اسکولز، ہائیرسیکنڈری اسکولز اور کالجز کے کھلاڑی طلباء میں انٹر بورڈ اسپورٹس کمیٹی(IBSC) کی جانب سے بیس بال کھیل کو اسپورٹس کیلنڈر میں شامل کیئے جانے کی خبر ملنے پر خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

یوتھ کھلاڑی اپنی خوشی کا اظہار کرنے اور پاکستان فیڈریشن کے صدر سید فخرعلی شاہ، سینیئر نائب صدر و سندھ بیس بال ایسوسی ایشن کے صدر انجینیئر محمد محسن خان، نائب صدر پرویز احمد شیخ، عائشہ ارم،جامشورو کے چیئرمین سید مسرت علی، حیدرآباد کے نائب صدر جمشید احمد خان، انچارج سیکریٹری محی الدین شیخ، کوچز عمران خان، سید عدنان، ڈائریکٹر اکیڈمیز رمیز راجہ، کووآرڈینیٹر زاہد بلوچ اور دیگر ڈویژنز و ضلعوں کے عہدیداران کو مبارکباد پیش کرنے کی غرض سے اپنے عہدیداران کے ساتھ گرائونڈ میں یکجا ہوئے اور PFB, SBBA اور HDBA زندہ باد کے نعرے لگائے۔

اس موقع پر اسکول کے انچارج ٹیکنیکل عبدالصمد، محی الدین شیخ اور پرویز احمد شیخ کو سید فخرعلی شاہ، انجینیئر محمد محسن خان اور عائشہ ارم کی جانب سے خصوصی اجرک پیش کی گئیں اور انکے خیرمقدمی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔اس موقع پر اپنے خطاب میں پرویز احمد شیخ نے امید ظاہر کی کہ پاکستان میں بیس بال کے بانی مرحوم سید خاور شاہ کے لگائے ہوئے پودے ثمرات اب حکومتی سرپرستی میں یونیورسٹی کے علاوہ انٹراسکولز، انٹر کالیجیٹ اور پاکستان انٹربورڈز چیمپیئن شپ میں شرکت کی صورت میں یوتھ کھلاڑیوں کو میسر آئیں گے۔محی الدین شیخ نے ملک بھر کے بیس کوچز و کھلاڑیوں کو اس اہم کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اب پاکستان انڈر 12 اور دیگر سطحوں کی ٹیموں میں کراچی، کوٹری اور حیدرآباد سمیت سندھ بھر سے بھی کھلاڑی شامل ہونگے اور پاکستان انٹرنیشنل مقابلوں میں پہلے سے زیادہ موثر اور متاثرکن کارکردگی دکھائے گا۔

error: Content is protected !!