قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے پانچویں راونڈ کا اختتام

کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)‏ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ناردرن اور خیبر پختونخواہ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا میچ دلچسپ مقابلے کے بعد برابری پر ختم ہو گیا ۔ خیبر پختونخواہ کو میچ جیتنے کے لیے 390 رنز کا ہدف ملا تھا ۔ خیبر پختونخواہ کو آخری روز میچ جیتنے کےلیے مزید 335 رنز درکار تھے لیکن جب کھیل ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تو خیبر پختونخواہ نے 319 رنز بنائے اور ان کے 9 کھلاڑی آؤٹ ہو ئے تھے ۔
‏ آج خیبر پختونخواہ نے 55 رنز بغیر کسی نقصان کے کھیل کا آغاز کیا ۔ مصدق احمد نے 85 اور اسرار اللہ نے 64 رنز بنائے ۔ دونوں اووپنرز نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 115 رنز بنائے ۔ کامران غلام45 اور زوہیب خان 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔ محمد وسیم جونئیر نے 18 اور ارشد اقبال ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے ۔ آخری جوڑی نے وکٹ پر رک کر اپنی ٹیم کو شکست سے بچایا ۔ محمد وسیم جونئیر نے 59 جبکہ ارشد اقبال نے 17 گیندوں کا سامنا کیا ۔ نعمان علی نے 112 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا ۔ وقاص احمد اور منیر ریاض نے دو دو وکٹیں حاصل کیں ۔ ناردرن نے پہلی اننگز میں 9 وکٹوں پر 460 رنز اور خیبر پختونخواہ نے 318 رنز بنائے تھے ۔ ناردرن نے دوسری اننگز 247 رنز 4 کھلاڑی آوٹ پر ڈکلئیر کر دی تھی ۔

اسٹیٹ بنک گراونڈ میں سندھ اور بلوچستان کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا میچ ہار جیت کا فیصلہ ہو ئے بغیر ختم ہو گیا ۔ چوتھے روز سندھ کو میچ جیتنے کے لیے 283 رنز کا ہدف ملا لیکن سندھ کی ٹیم دوسری اننگز میں 27 اوورز کے کھیل میں 96 رنز بنا سکی ۔اسد شفیق 22 اور سعد علی 4 رنز کےساتھ ناٹ آؤٹ رہے ۔ سعود شکیل نے 48 اور عمیر بن یوسف نے 20 رنز بنائے ۔ بلو چستان کی جانب سے تاج ولی ، کاشف بھٹی اور جلات خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی اس سے قبل بلوچستان نے 42 رنز بغیر کسی نقصان کے چوتھے روز کھیل کا آغاز کیا اور 4 وکٹوں کے نقصان پر 231 رنز بنا کر دوسری اننگز ڈکلئیر کر دی ۔ علی وقاص 72 اور کاشف بھٹی دو رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ اکبر الرحمان نے 76 اور عظیم گھمن نے 44 رنز بنائے ۔ میر حمزہ ، تابش خان ، ابرار احمد اور اسد شفیق نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ بلوچستان نے پہلی اننگز میں 9 وکٹوں پر 458 اور سندھ نے پہلی اننگز میں 407 رنز بنائے تھے۔

‏یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں سنٹرل پنجاب اور سدرن پنجاب کی ٹیموں کےدرمیان کھیلا جانے والا میچ بھی دلچسپ مقابلے کے بعد ہارجیت کا فیصلہ ہو ئے بغیر ختم ہو گیا ۔ سنٹرل پنجاب کو میچ جیتنے کے لیے 259 رنز کا ہدف ملا تھا اور کم از کم 38 اوورز کا کھیل باقی تھا ۔ سنٹرل پنجاب نے 39 اوورز کے کھیل میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے ۔ سنٹرل پنجاب کی جانب سے احمد شہزاد نے 12 ، علی زریاب نے 34 ، علی شان نے 43 ،سعد نسیم نے 39 اور عثمان صلاح الدین نے 17 رنز بنائے ۔ بلاول اقبال نے 10 اور وقاص مقصود نے ایک رن ناٹ آؤٹ بنایا ۔ بلاول اقبال نے 10 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کے لیے 45 گیندوں کا سامنا کیا ۔ زاہد محمود 5 وکٹیں لینے میں کامیاب ہو ئے اس کے لیے انہوں نے صرف 23 رنز دیئے ۔ محمد عمران نے دو اور بلاول بھٹی نے ایک وکٹ حاصل کی ۔
‏ اس سے قبل چوتھے روز سنٹرل پنجاب نے 9 آؤٹ 401 رنز سے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا اور پوری ٹیم 459 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی ۔ گزشتہ روز کے ناٹ آؤٹ بیٹسمین کپتان حسن علی نے نصف سنچری مکمل کی وہ 59 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے ۔ وقاص مقصود سترہ رنز کا اضافہ کرنے کے بعد 30 رنز پر آؤٹ ہو گئے ۔ بلاول بھٹی اور سلمان علی آغا نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔
سدرن پنجاب نے دوسری اننگز 5 وکٹ 190 رنز پر ڈکلئیر کر دی تھی ۔ سیف بدر اور عمر صدیق نے 63، 63 رنز بنائے ۔ سلمان علی آغا 22 اور محمد عمران 8 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے ۔ سنٹرل پنجاب کے بلال آصف نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ سدرن پنجاب نے پہلی اننگز میں 527 رنز بنائے تھے ۔

قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون کے چھٹے راونڈ کا آغاز دو دسمبر سے ہو گا۔

error: Content is protected !!