لاہور(سپورٹس رپورٹر)گولڈ میڈلسٹ نیشنل جونیئرسوئمر آمنہ عامر قادری رواں برس منعقد ہونے والے سوئمنگ کے نیشنل و انٹرنیشنل مقابلوں میں گولڈ میڈلز جیت کر پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کرنے کی خواہشمند ہیں ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گولڈ میڈلسٹ نیشنل جونیئر سوئمر آمنہ عامر قادری نے کہا کہ اولمپکس گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کا خواب دیکھا ہے جس کو حقیقت کا روپ دینے کیلئے اپنے کوچز اورنگزیب اور فاروق نذیر کی زیر نگرانی خوب محنت کر رہی ہوں ، مجھے پورا یقین ہے کہ اللہ تعالی میری محنت کا صلہ ضرور دے گا اور میں اولمپکس گیمز میں پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب ہو جاﺅں گی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں سوئمنگ پولز کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے جب تک پاکستان کے ہر ضلع میں عالمی معیار کے سوئمنگ پول نہیں بنیں گے تب تک سوئمنگ کا کھیل فروغ نہیں پاسکتا، پاکستان اگر ایشیاسمیت دُنیا بھر میں منعقد ہونے والے سوئمنگ کے کھیل میں میڈلز جیتنا چاہتا ہے توحکومت تمام تعلیمی اداروں میں سوئمنگ کی تربیت کو لازمی قراردے ۔ گولڈ میڈلسٹ نیشنل جونیئرسوئمر آمنہ عامر قادری نے کہا کہ سوئمنگ ایک مشکل کھیل ہے جس کی ترقی حکومت کی سرپرستی کے بغیرممکن نہیں ہے،سکولزاور کالجز کی سطح پر زیادہ سے زیادہ سوئمنگ ایونٹس کے انعقاد کو یقینی بنایاجائے تو نیا ٹیلنٹ سامنے آسکتا ہے۔