پہلی قائداعظم انٹر ڈویژن ہاکی چیمپئن شپ کیلئے کھلاڑیوں کے ٹرائلز شروع کردیئے ہیں، ڈی جی سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ


لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے تعاون سے 23جنوری سے 5فروری تک ہونے والی پہلی قائداعظم انٹر ڈویژن ہاکی چیمپئن شپ کی بھرپور تیاریاں جاری ہیں، پنجاب کی تمام ڈویژنز نے کھلاڑیوں کے انتخاب کیلئے ٹرائلز شروع کردیئے ہیں،کھلاڑیوں کا انتخاب میرٹ پر کیا جارہا ہے، ہاکی کو فروغ دینے کے لئے سفارشی کلچر کو دفن کردیا ہے،پیر کے روز اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ہر ڈویژن کی ٹیم 20کھلاڑیوں اور آفیشلز پر مشتمل ہوگی، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے 36کھلاڑی بھی حصہ لیں گے، ہرڈویژن سے 14کھلاڑی جبکہ 4کھلاڑی پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ہونگے، پاکستان ہاکی فیڈریشن 4،4کھلاڑیوں کے گروپ بنا رہی ہے جن کو ڈویژنز کی ٹیموں میں شامل کیا جائے گا، ہر ڈویژن کی ٹیم کے 2آفیشلز ہوں گے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے مزیدکہا ہے کہ پہلی قائداعظم انٹر ڈویژن ہاکی چیمپئن شپ میں کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا اور نیاٹیلنٹ سامنے آئے گا، نوجوان کھلاڑیوں کے لئے چیمپئن شپ بہترین موقع ہے کہ وہ اپنا ٹیلنٹ دکھائیں، بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو مزید تربیت دے کر قومی سطح کے مقابلوں کے لئے تیار کیا جائے گا۔ پہلی قائداعظم انٹر ڈویژن ہاکی چیمپئن شپ ہاکی میں کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے کے لئے سپورٹس بورڈ پنجاب کی کاوشوں کے سلسلہ کی کڑی ہے۔

error: Content is protected !!