اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ )پاکستان سویٹ ہوم کرکٹ ٹورنامنٹ سٹار مارکیٹنگ کی ٹیم نے جیت لیا۔ پاکستان سویٹ ہوم سپورٹس کمپلیس میں کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان سویٹ ہوم الیون، سٹار مارکیٹنگ الیون ،اور ٹاپ سٹی الیون کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل ٹاپ سٹی اور اسٹار مارکٹنگ کے درمیان کھیلا گیاجو سٹار مارکیٹنگ کی ٹیم نے 8وکٹوں سے جیت لیا۔ فائنل میچ میں ٹاپ سٹی کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 6 اوورز میں 108رنز بنائے جواب میں اسٹار مارکیٹنگ کی ٹیم نے ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ ٹورنامنٹ کے مہمان خصوصی سابق ٹیسٹ کرکٹر عمر گل اور یاسر حمید تھے ۔ ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی پر کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ ٹورنامنٹ میں ایم این اے شیخ راشد شفیق ، مئیر اسلام آباد پیر عادل گیلانی ، انجم عقیل خان ، اینکر انیق احمد، قمر زمان کائرہ ، عمر گل ، یاسر حمید، شاہد غفور پراچہ، ندیم شیخ،جمیل ہاشمی،شیخ عامر وحید،تسلیم احمد قریشی اور دیگر نے شرکت کی۔ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان کا کہنا تھا کہ خزاں کے موسم میں بھی بہار آگئی ہے ۔
سٹار مارکیٹنگ کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے جنہوں نے اتنا اچھا ٹورنامنٹ منعقد کرایا ۔ کورونا کی وجہ سے جیسے ہی تعلیمی ادارے کھلے ہیں آج کھیلوں کا پہلا ٹورنامنٹ پاکستان سویٹ ہوم میں کرایا گیا۔ ٹیسٹ کرکٹر عمر گل کا کہنا تھاکہ پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان جس طرح سے اس ادارے کو چلا رہے ہیں وہ قابل تحسین ہے ۔مجھے پاکستان سویٹ ہوم آکر بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے ۔ کورونا کی وجہ سے کھلیوں کی سرگرمیاں معطل تھیں ایسے میں ایک بہترین ٹورنامنٹ کا انعقاد بہترین کاوش ہے ۔ زمرد خان کا کہنا تھا کہ مارچ میں بھی ایک بڑا ٹورنامنٹ کرا یا جائے گا جس میں تمام پاکستان سے کیڈٹ کالج کے بچوں کے درمیان ٹورنامنٹ کرا یا جائے گا۔ پاکستان سویٹ ہوم جس طرح ان یتیم بچوں کی کفالت کر رہی ہے اور ان کو اچھی تعلیم دے رہی ہے ویسے ہی ان کو کھیلوں کی سرگرمیاں بھی کرائی جا رہی ہیں کیونکہ کھیل بھی سیکھنے کا ایک ذریعہ ہیں۔ ان کا کہناتھا کہ پاکستان سویٹ ہوم یتیم بچوں کا اپنا گھر ہے اور ان کو ایک بہترین ماحول میں تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ کرکٹ ٹورنامنٹ تمام ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے کرایا جا رہا ہے۔ٹورنامنٹ کے اختتام پر کھلاڑیوں میں انعامات اور شیلڈ پیش کی گئیں ۔ پاکستان سویٹ ہوم کے کھلاڑی کلیم کو عمدہ کارکردگی پر دس ہزار روپے کا خصوصی انعام دیا گیا۔