لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا ہے کہ ٹینس کے فروغ کے لئے سپورٹس بورڈ پنجاب اوپن ٹینس چیمپئن شپ 2021ء منعقد کررہے ہیں ، چیمپئن شپ 26جنوری سے30جنوری تک جاری رہے گی، ہفتہ کے روز اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ٹینس کا نیا ٹیلنٹ سامنے لانے کے لئے اقدامات کررہے ہیں، سپورٹس بورڈ پنجاب اوپن ٹینس چیمپئن شپ اسی سلسلہ کی کڑی ہے، چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب پنجاب ٹینس اکیڈمی باغ جناح میں ہوگی ، ملک بھر سے کھلاڑی چیمپئن شپ میں حصہ لے رہے ہیں، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے مزیدکہا ہے کہ سپوٹس بورڈ پنجاب نے ٹینس کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کو تربیت دینے کے لئے سٹیٹ آف دی آرٹ ٹینس کورٹ میںجونیئر ٹینس اکیڈمی قائم کی ہے جس میں بچوں کو تربیت دی جارہی ہے، اکیڈمی میں ماہر کوچز کھلاڑیوں کو تربیت دے رہے ہیں، سپورٹس بورڈ پنجاب اوپن ٹینس چیمپئن شپ 2021ء سے نئے باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئیں گے۔
چیمپئن شپ میں لاہور، کراچی، اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ملتان اور بہاولپور کے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، مینز سنگلز، ڈبلز اور لیڈیز سنگلز، سینئر 35 پلس ڈبلز، بوائز اور گرلز انڈر18،14،10 ،8اور6کے مقابلے ہوں گے۔