ڈربن(سپورٹس لنک رپورٹ)قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے دورہ افریقہ میں توسیع کردی گئی ہے۔ پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز مکمل کرنے کے بعد زمبابوے روانہ ہوجائے گی، جہاں اسے 3 ایک روزہ اور 2 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کھیلنی ہے۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین جاری سیریز کا آخری میچ 3 فروری کو ڈربن میں کھیلا جائے گا، جہاں سے قومی خواتین کرکٹ ٹیم ہرارے روانہ ہوجائے گی۔ پاکستان اور زمبابوے کے مابین سیریز 11 سے 20 فروری تک کھیلی جائے گی۔
زمبابوے کے پاس انٹرنیشنل ون ڈے اسٹیٹس نہ ہونے کے باعث یہ تینوں ایک روزہ میچز کو انٹرنیشنل اسٹیٹس حاصل نہیں ہوگا تاہم دونوں ٹیموں کے مابین شیڈول دو ٹی ٹونٹی میچز کو انٹرنیشنل اسٹیٹس حاصل ہوگا۔ ان اضافی میچز سے پاکستان اور زمبابوے کو رواں سال جولائی میں شیڈول آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کوالیفائر 2021 کی تیاریوں میں مدد ملے گی۔
ڈیوڈ ہیمپ، ہیڈ کوچ قومی خواتین کرکٹ ٹیم:
قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈیوڈ ہیمپ کا کہنا ہے کہ دورہ زمبابوے کی تصدیق ان کی ٹیم کے لیے ایک خوش آئند خبر ہے کیونکہ ہم ان مشکل حالات کے باوجود بھرپور تیاری کے ساتھ ورلڈکپ کوالیفائرز میں شرکت کرنا چاہتے ہیں۔
یہ مئی 2019 کے بعد زمبابوے خواتین کرکٹ ٹیم کی پہلی کرکٹ سیریز ہوگی۔
شیڈول:
گیارہ فروری: پہلا ایک روزہ میچ بمقام ہرارے اسپورٹس کلب
تیرہ فروری: دوسرا ایک روزہ میچ، ہرارے اسپورٹس کلب
پندرہ فروری: تیسرا ایک روزہ میچ، ہرارے اسپورٹس کلب
اٹھارہ فروری: پہلا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ، ہرارے اسپورٹس کلب
بیس فروری: دوسرا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ، ہرارے اسپورٹس کلب