کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) ڈی ایس پی خواجہ اجمیر نگری پولیس اسٹیشن محمد خلیق نے کہا ہے کہ کراچی میں کلب ہاکی کی بحالی کیلئے الصغیر ہاکی کلب کی کوشش مثالی ہیں، نارتھ کراچی سیکٹر الیون اے ہاکی اسٹیڈیم میں برسوں سے معطل قومی کھیل کی سرگرمیاں پھر سے بحال ہونے پر اپنی خوشی کو الفاظ میں بیان نہیں کرسکتے ، چھوٹے بچوں کو گرائونڈ میں کھیلتا دیکھ کر میں خود کو انکے درمیان محسوس کررہا ہوں، کھیل کے فروغ ، گرائونڈ کی تعمیر و ترقی میں میرا تعاون الصغیر ہاکی کلب کیساتھ ہمیشہ رہے گا. ان خیالات کا اظہار انہوں نے الصغیر ہاکی کلب اینڈ اکیڈمی کے دورے کے موقع پر کیا اس موقع پر کریمی بلڈرز کے چیف ایگزیکٹو حامد کریم اور اسلم بیگ بھی موجود تھے، حامد کریم نے بھی الصغیر ہاکی کلب کی سرپرستی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسی علاقے کے رہائشی ہیں یہ گرائونڈ سالوں سے کچرا کنڈی بنا ہوا تھا اب یہاں ہاکی کی سرگرمیاں بحال ہونا شروع ہوگئیں ہیں لیکن گرائونڈ کو اپنی اصل حالت میں آنے میں ابھی کافی وقت لگے گا
انہوں نے کہا کہ بچوں کا جوش دیکھ کر میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ بڑھے ہوکر یہ اپنے کلب، اپنے شہر اور ملک کا نام روشن کرینگے، حامد کریم نے کہا کہ کے ایم سی اس گرائونڈ کی حالت بہتر کرنے اور قومی کھیل کی بحالی میں یہاں کے مقامی کھلاڑیوں اور الصغیر ہاکی کلب کا بازو بنے تاکہ بچے منفی سرگرمیوں سے دور رہیں. محمد خلیق اور حامد کریم نے الصغیر اکیڈمی کے چھوٹے بچوں سے ملاقات کی، کلب کے صدر صغیر حسین، سیکریٹری عظمت پاشا ، چیئرمین امتیاز احمد شیخ نے بچوں کا تعارف مہمانوں سے کروایا. حامد کریم بچوں سے گھل مل گئے اور انہیں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا. اس موقع پر کلب کے جونیئر اور سینیئر کھلاڑیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی.