پاکستان کپ کے نویں راؤنڈ کے اختتام پر ناردرن، سندھ اور کے پی نے اپنے اپنے میچز جیت لیے

کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)این بی پی اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلے گئے میچ میں ناردرن نے بلوچستان کو 6 وکٹوں سے ہرادیا. ناردرن نے 250 رنز کا ہدف 46.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا. روحیل نذیر نے پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 69 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا.

اوپنر حیدر علی نے 53 اور عمر امین نے 47 رنز بنائے. محمد جنید نے دو جبکہ عمید آصف اور جلات خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی. اس سے قبل بلوچستان کی ٹیم مقررہ پچاس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 249 رنز ہی بناسکی. ایاز تصور 68 گیندوں پر 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 82 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے. اکبر الرحمان نے 75 رنز بنائے. اطہر محمود اور وقاص احمد نے دو دو وکٹیں حاصل کیں.

یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلے گئے میچ میں خیبر پختونخوا نے سنٹرل پنجاب کو 69 رنز سے شکست دے دی. خیبر پختونخوا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے فخر زمان، افتخار احمد اور عادل امین کی نصف سنچریوں کی بدولت مقررہ پچاس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 328 رنز بنائے. فخر زمان نے 8 چوکوں اور 3 چھکوں کی بدولت 92 رنز کی اننگز کھیلی، افتخار احمد نے 76 اور عادل امین نے 51 رنز بنائے. ظفر گوہر نے تین اور قاسم اکرم نے دو وکٹیں حاصل کیں. جواب میں سنٹرل پنجاب کی پوری ٹیم 44.3 اوورز میں 259 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی. قاسم اکرم نے 67 اور رضا علی ڈار نے 50 رنز بنائے. رضوان حسین 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے. افتخار احمد نے 4 اور آصف آفریدی نے تین وکٹیں حاصل کیں. شاندار آلراؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر افتخار احمد کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا.

اسٹیٹ بنک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں سندھ نے سدرن پنجاب کو پانچ وکٹوں سے ہرادیا. سندھ نے 349 رنز کا مطلوبہ ہدف 46.5 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا. سعد علی 78 اور انور علی 69 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے. دونوں کھلاڑیوں نے چھٹی وکٹ کے لیے 145 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی. دانش عزیز نے 65 اور اسد شفیق نے 62 رنز بنائے. محمد عباس نے 2 وکٹیں حاصل کیں. اس سے قبل سدرن پنجاب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 348 رنز بنائے. صہیب مقصود اور شان مسعود کی سنچریاں رائیگاں گئیں. صہیب مقصود نے 79 گیندوں پر 10 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 130 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی. شان مسعود نے 141 گیندوں پر 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 125 رنز بنائے. سندھ کے محمد حسنین نے دو وکٹیں حاصل کیں. سندھ کے کپتان انور علی اور سعد علی کو مشترکہ طور پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا.

error: Content is protected !!