اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 ملتوی ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے لیگ کے بقیہ میچوں کے انعقاد کے لیے ابتدائی پلان تیار کرلیا۔پی سی بی کے ذرائع کے مطابق پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کی سربراہی میں پی سی بی کے اعلیٰ حکام کا اجلاس ہوا جہاں بقیہ میچز تین ممکنہ مہینوں مئی، جون یا ستمبر میں کرانے پر اتفاق کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچزمکمل طور پر پاکستان کے کسی ایک ہی شہر میں کرانے کی تجویز رکھی گئی ہے۔ اجلاس میں پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچوں کے لیے بائیوسیکیور ببل کو آؤٹ سورس اور ماہرین سے تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ اجلاس کی تمام تجاویز اور سفارشات اور ابتدائی پلان چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو بھجوادیا گیا ہے جس کی منظوری کے بعد پی سی بی تمام فرنچائزمالکان سے مشاورت اور حتمی پلان منظور کیا جائے گا۔خیال رہے کہ پی سی بی 6 کے ملتوی ہونے کے بعد اب ایونٹ کو مکمل کرنے کے لیے پی سی بی کو مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ قومی ٹیم رواں برس مئی اور ستمبر کے علاوہ پورے سال مصروف ہو گی۔
اپریل میں پاکستان ٹیم کے دورہ زمبابوے کے بعد مئی میں پی ایس ایل کے انعقاد کے لیے موقع موجود ہے لیکن انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی وجہ سے غیر ملکی اسٹار کھلاڑیوں کرس گیل، فاف ڈیوپلیسی، راشد خان، ڈیوڈ ملر اور دیگر کئی بڑے نام دستیاب نہیں ہوں گے۔پی ایس ایل حکام کو اس صورت میں لیگ کا انعقاد ان کھلاڑیوں کے بغیر اور ان کے متبادل کے ساتھ کرنا پڑے گا ، دوسرا موقع ستمبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریزسے قبل موجود ہے۔پی سی بی حکام آنے والے دنوں میں فرنچائزز سے مشاورکے بعد لیگ کے بقیہ میچوں کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرسکتا ہے۔